سپریم کورٹ نے رکن بلوچستان اسمبلی مبین خان کی نااہلی سے متعلق اپیل پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا

جمعرات 12 مارچ 2020 21:35

سپریم کورٹ نے رکن بلوچستان اسمبلی مبین خان کی نااہلی سے متعلق اپیل ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2020ء) سپریم کورٹ نے رکن بلوچستان اسمبلی مبین خان کی نااہلی سے متعلق اپیل پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے ۔جمعرات کو عدالت عظمٰی کے جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نی کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مبین خان نے کاغذات نامزدگی میں مکمل اثاثے ظاہر نہیں کیے،مبین خان خود کو بھائی کے زیر کفالت قرار دیتے ہیں، بینک ریکارڈ کے مطابق مبین خان کروڑوں روپے کے مالک ہیں،الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے ۔

ممبر صوبائی اسمبلی مبین خان کے وکیل نے موقف اخیتار کیا کہ میرے موکل پر عائد الزامات غلط ہیں،جائیداد میرے موکل کی نہیں بلکہ بھائی کی ہے،بینک ریکارڈ میرے موکل کیخلاف بنایا گیا ہے، عدالت اپیل کو ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کرے۔ سماعت کے دوران فاضل جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیئے کہ جمہوریت کا تقاضا ہے کہ عوامی عہدیدار شفاف ہوں،جمہوریت میں عوامی عہدیدار جوابدہ ہوتا ہے،الزام لگا ہے تو جواب تو دینا ہوگا، سپریم کورٹ نے مبین خان کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا ہے۔