ادارہ نازک دور سے گذررہاہے،انہدامی کارروائیوں کاسلسلہ جاری ہے ،ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے

سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق غیرقانونی تعمیرات کے خلاف حکمت عملی کے ساتھ بھرپور کارروائیاںلازم ہیں،ڈاکٹر نسیم الغنی

پیر 16 مارچ 2020 17:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2020ء) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹرنسیم الغنی سہتونے کہاہے کہ ادارہ اس وقت نازک دور سے گذررہاہے،انہدامی کارروائیوں کاسلسلہ جاری ہے ،تاہم معززسپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے مطابق غیرقانونی تعمیرات کے خلاف حکمت عملی کے ساتھ بھرپور کارروائیاںلازم ہیں ،قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ اورشہر کے تعمیراتی نظم ونسق کوہرصورت بحال رکھاجائے گاجبکہ ضلعی وسطی میں 3خطرناک مخدوش عمارتوں کوخالی کروالیاگیاانہدامی عمل کے لئے ڈیمالیشن اسکواڈ روانہ ، مختلف غیرقانونی تعمیرات کومنہدم وسربمہرکردیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹر نسیم الغنی سہتوکی سربراہی میں ایک اجلاس کانفرنس ہال ایس بی سی اے میں منعقدہواجس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹرجنرل نے کہاکہ ادارہ فرائض سے غفلت اوربدنیتی کامتحمل نہیںہے سنجیدہ اقدامات ضروری ہیں،معززسپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی تعمیل میں رکاوٹ کیلئے دبائو و دھمکی کا عنصر غیراہم ہے،شہرکے پانچ ٹائونزلیاقت آباد ،نارتھ ناظم آباد ،گلبرگ ،نیوکراچی اورجمشید ٹائون میں غیرقانونی تعمیرات کے مکمل خاتمے کیلئے بھرپورحکمت عملی کے ساتھ سخت اقدامات کئے جائیں ، پچاس ساٹھ کی تعداد میںٹھکیدار بلڈرمافیا اور ان سے جڑی ادارے کی چندکالی بھیڑوں کی بدعمالیوں کاخمیازہ ادارے کی نیک نامی پرحرف کاسبب ہے،جسے ہرگزبرداشت نہیں کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام ٹائون ڈائریکٹرز کوہدایات دی کہ غیرقانونی تعمیرات اور خطرناک مخدوش حالت عمارتوں سے متعلق ویجیلنس کمیٹی کو مکمل آگاہی دی جائے قیمتی انسانی جانوں اورسرمایے کاتحفظ ہرصورت ممکن بنایاجائے ،غیرقانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرینس کامظاہرہ کیاجائے معاملات انتہائی اہم ہیں ٹائون ڈائریکٹرز خود بھی تعمیرات پر کڑی نظررکھیں جبکہ میں خود بھی ویجیلنس کررہاہوں ،۔

انہوں نے تحقیقاتی اداروںکے حوالے سے تمام ڈائریکٹرز کوہدایات دی کے مطلوبہ ریکارڈ کی فراہمی میںان کے ساتھ مکمل تعاون کیاجائے ہرمعاملے کے بارے میں مجھے بروقت آگاہ کیا جائے ۔اس دوران متعلقہ ڈائریکٹر زنے بتایاکہ نارتھ ناظم آباد ٹائون کے علاقے کچی آبادی کوثرنیازی کالونی میں ایک گرائونڈپلس تین منزلہ عمارت اور لیاقت آباد ٹائون میں پلاٹ نمبر 726/10،پر واقع گرائونڈپلس چارمنزلہ جبکہ نارتھ کراچی ٹائون نزد اللہ والی چورنگی پر واقع گرائونڈپلس تین منزلہ مخدوش حالت خطرناک عمارتوں کافوری نوٹس لیاگیاگزشتہ رات ایس بی سی اے کی کوشش سے تینوں عمارتوںکومکینوںسے خالی کروالیاگیااورآج انہدامی کارروائی کے لئے ڈیمالیشن اسکواڈ کو روانہ کردیاگیاہے ،ڈائریکٹرجنرل نے فوری ایکشن لینے کے عمل کوسرہاتے ہوئے معزز عدالت کے حکم کی تعمیل میں اسی طرح فوری کارروائی کاسلسلہ جاری رکھنے کی ہدایت دی ،انہوں مزید کہاکہ ہردوسرے دن اجلاس کیاجائے گاجس میں ڈائریکٹرز دودن کی کارکردگی سے متعلق تفصیلات پیش کریں گے ۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل آشکار داور،ڈائریکٹرایڈمنسٹریشن فرحان قیصرسمیت تمام سیکشنزاورٹائونزکے ڈائریکٹرز شریک تھے ۔بعدازاں آباد کے عہدیداران حسن بخشی اورمحسن شیخانی سے اپنے دفتر میںایک ملاقات میں ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹرنسیم الغنی سہتونے کہاکہ کچھ بلڈرز کی جانب سے منصوبوں کی طے کردہ مدت تکمیل میںتاخیرکی شکایات کودورکیاجائے،انہوں نے الاٹیز کووقت پرقبضہ دینے سمیت ایس بی سی اے کے ماڈل ایگریمنٹ کی خلاف ورزی کے معاملات کوفوری روکنے کے اقدامات ،الاٹیز کودرپیش پریشانیوں کوفوری دور کرنے اور تعمیراتی قوانین پرعملدرآمد کویقینی بنانے پرزوردیا۔

علاوہ ازیں ڈائریکٹرجنرل کی ہدایات پر ڈیمالیشن اسکواڈ کی جانب سے غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیوں میں گلشن اقبال ٹائون میںپلاٹ نمبر 370،اسکیم 34-A،اسکیم 33،پر گرائونڈپلس پہلی منزل کی مکمل تعمیرات کو بھاری مشینری کی مددسے منہدم کردیا اورپلاٹ نمبر GPC-1،بلاک 7،اسکیم 24،پرپہلی منزل کی تعمیرات ،پلاٹ نمبر A-102،پیلی بھیت سیکٹر16-A،اسکیم 33،پر 2،دکانوں ،پلاٹ نمبر RS-37،ٹیچرزسوسائٹی اسکیم 33،پرچوتھی منزل کی دیواروں اور سامنے کی جانب آرسی سی کالمزجبکہ پلاٹ نمبر SB-31،بلاک 13-D-2،کی پانچویںمنزل کے اوپرٹی آرگارڈرز تعمیرات کومنہدم کردیاگیا۔

دریںاثناء اسکواڈ کی مختلف ٹیموں کی کارروائی میںجمشید ٹائون میں پلاٹ نمبر K-31جمشید ایسٹ پر سامنے کی تعمیرات اور دوسری منزل کی چھت ،پلاٹ نمبر 40،سولجربازار پر پانچویںمنزل کی آرسی سی چھت ،جبکہ لیاقت آباد ٹائون میںپلاٹ نمبر 9/50،لیاقت آباد پر چوتھی اور پانچویںمنزل کی آرسی سی چھت کے حصے اورچھٹی منزل کی دیواروںاورگالہ کو منہدم کردیا۔

مزیدبراں ڈیمالیشن ٹیم نے سائٹ ٹائون میںپلاٹ نمبر ST-15(PB)،سیکٹر05،اورنگی ٹائون شپ کے گرائونڈفلور پر غیرقانونی دکانوںاور پہلی منزل کی تعمیرات کومنہدم کردیاجبکہ پلاٹ نمبر ST-05،قصبہ ٹائون شپ اسکیم 27،اورپلاٹ نمبر P-09،پاک ماڈرن کالونی پر خلاف ضابطہ بنیادی تعمیرات کوسربمہرکردیاگیا۔ مذکورہ بالاانہدامی کارروائیاںعلاقے کے ڈپٹی واسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ڈیمالیشن آفیسرز کی زیرنگرانی عمل میں لائی گئیںجبکہ اس دوران امن وامان کی صورت حال کوقابو میںرکھنے کیلئے ایس بی سی اے پولیس فورس بھی ان کے ہمراہ موجود تھی۔