پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کرنیوالے پریس کلب کے ممبران کے اعزاز میں تقریب

پیر 16 مارچ 2020 23:34

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2020ء) پشاور پریس کلب کے زیر اہتمام حال ہی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کرنیوالے پریس کلب کے ممبران ڈاکٹر یوسف علی اور ڈاکٹر رحمن اللہ کے اعزاز میں تقریب پزیرائی کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر پشاور پریس کلب کے صدر سید بخار شاہ،پی ایف یو جے کے سینئر نائب صدر شمیم شاہد،سینئر صحافی رحیم اللہ یوسفزئی ،پشاور پریس کلب کی کابینہ کے ارکان سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھے۔

پشاور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عمران یوسفزئی نے ابتدائی کلمات میں کہا پشاور پریس کلب کے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ کلب کے دو ارکان نے پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی ہیں، انہوں نے کہا آج کی تقریب کے انعقاد کا مقصدپریس کلب کے ان دو اراکین کی شاندار کارنامے کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

(جاری ہے)

پریس کلب کے صدر سید بخار شاہ نے کہا پشاور پریس کلب سے وابستہ صحافیوں اور کارکنوں نے ملکی سطح پربارہا کارہائے نمایاں سرانجام دے چکے ہیں، سینئر صحافی رحیم اللہ یوسفزئی نے کہا پشاور پریس کلب نے ماضی میں بھی اپنے اراکین کی عزت آفزائی کی ہے، انہوںنے پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کرنے پر یوسف علی اور رحمن اللہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ان کے کارنامے سے نوجوان صحافیوں کے لئے امکانات کے نئے دروازے کھول دئے ہیں، انہوںنے کہا صحافت تحقیق اور جستجو کا نام ہے اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈاکٹر یوسف علی اور ڈاکٹر رحمن اللہ نے پی ایچ ڈی کی ڈگری کے حصول میں پیش آنے والے مختلف مراحل کے بارے میں بتایا ، انہوں نے تقریب پزیرائی کے انعقاد پر پریس کلب کی کابینہ کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر پی ایچ کی ڈگری مکمل کرنے والے دونوں صحافیوں کوکلاہ پہنانے کے ساتھ ساتھ یادگاری شیلڈز بھی دیئے گئے۔