مساجد بند نہیں کریں گے: وزیراعلیٰ پنجاب کا اعلان

قوموں پر آزمائشیں آتی ہیں، انشاء اللہ سرخرو ہوں گی، ہر کھانسی بخار کورونا نہیں، عوام سے اپیل ہے کہ پریشان نہ ہوں، احتیاط کریں: عثمان بزدار

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 16 مارچ 2020 23:17

مساجد بند نہیں کریں گے: وزیراعلیٰ پنجاب کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مارچ2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب میں مساجد بند نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ قوموں پر آزمائشیں آتی ہیں، انشاء اللہ سرخرو ہوں گی، ہر کھانسی بخار کورونا نہیں، عوام سے اپیل ہے کہ پریشان نہ ہوں، احتیاط کریں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے علماء کرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مساجد بند نہیں کریں گے۔

حکومت پنجاب نے سب سے پہلے 3 جنوری کو کورونا وائرس کے معاملے پر وفاق کو خط لکھا اور کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ صحت میں کنٹرول روم قائم کیا۔کورونا وائرس پر اقدامات کی مانیٹرنگ کیلئے کابینہ کمیٹی قائم کی جس کے اجلاس تواتر سے جاری ہیں۔ محکمہ صحت کو فی الفور ضروری ساز و سامان کیلئے 24 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے جبکہ کورونا وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر محکمہ صحت کیلئے مزید ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں قائم 41 ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ میں 541 بیڈز کی گنجائش ہے۔مظفرگڑھ، لاہور، راولپنڈی میں کورونا وائرس کے علاج کیلئے مخصوص ہسپتال بھی قائم کئے گئے ہیں جبکہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور میں زائرین کی ہیلتھ مانیٹرنگ کیلئے قرنطینہ قائم کئے گئے ہیں۔760 زائرین ڈیرہ غازی خان پہنچ چکے ہیں جن کی سکریننگ کی جا رہی ہے۔

کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے مزید 10 ہزار کٹس منگوائی جا رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کی منظوری دے دی ہے۔ ایک لاکھ لوگوں کیلئے ایک ہفتے کے اندر کورونا علاج کی سہولت گاہ قائم کی جا سکتی ہے۔پنجاب میں دفعہ 144 کے تحت اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے اور کورونا سے بچائو کیلئے عوام میں احتیاط کیلئے آگاہی مہم جا ری ہے۔