پی ایس ایل2020ء کی کوریچ کرنیوالے بھارتی براڈ کاسٹرز کو واہگہ بارڈر پر بھارتی امیگریشن حکام نے روکدیا

بھارتی براڈکاسٹرز کے پاس صرف ہوائی سفر کا ویزہ تھا، انکی وطن واپسی کیلیے انتظامات کیے جائیںگے: ترجمان پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 19 مارچ 2020 16:08

پی ایس ایل2020ء کی کوریچ کرنیوالے بھارتی براڈ کاسٹرز کو واہگہ بارڈر پر ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19مارچ2020ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء کی کوریچ کرنے والے بھارتی براڈ کاسٹرز کو واہگہ بارڈر پر بھارتی امیگریشن حکام نے ملک میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے ۔کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ہندوستانی براڈ کاسٹرز نے پاکستانی امیگریشن حکام کی جانب سے اپنی واپسی کا عمل تیز بنائے جانے کے بعد واہگہ بارڈر عبور کیا تھا۔

تاہم ہندوستانی امیگریشن افسران نے اٹاری چیک پوسٹ پر بھارتی براڈکاسٹرز کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا کیوں کہ ان کے ویزے نے انہیں صرف ہوائی سفر کرنے کی اجازت دی تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان کے مطابق بھارتی براڈکاسٹر اب پاکستان واپس آئیں گے اور قانونی ذرائع سے واپسی کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا ہے کہ ہندوستانی عہدیدار اب پاکستان واپس آئیں گے کیوں کہ ان کے پاس ملٹی پل ویزے ہیں اور پھر انہیں بھارت واپس بھجوانے کے لیے ہوائی سفر کا منصوبہ تیار کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پی سی بی نے پی ایس ایل 5 کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد تمام غیر ملکی کھلاڑی اپنے اپنے وطن واپس جاچکے ہیں۔