آزادکشمیر میں کرونا وائرس کے شبہ میں 11نئے افراد کے ٹیسٹ کرائے ہیں جن میں سے 9ایمز‘ ایک سی ایم ایچ راولاکوٹ اور ایک میر پور میں ہے

جمعرات 19 مارچ 2020 22:29

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2020ء) وزیرصحت آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر ڈاکٹر نجیب نقی نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں کرونا وائرس کے شبہ میں 11نئے افراد کے ٹیسٹ کرائے ہیں جن میں سے 9ایمز‘ ایک سی ایم ایچ راولاکوٹ اور ایک میر پور میں ہے۔ پہلے 25ٹیسٹ ہوئے تھے کل ملا کر 36ٹیسٹ ہوئے ہیں ۔ جن میں سے 25کی رپورٹ آچکی ہے 9کی رپورٹ نہیں آئیں ۔

25میں سے ایک ٹیسٹ دوروز قبل پازٹیو آیا تھا۔ کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پی ایم اے نے اپنی ہڑتال غیر مشروط طور پر ختم کردی ہے اور ایک سپاہی کی طرح فرنٹ لائن پر رہ کر عوام کی خدمت کا اعلان کیا ہے۔ڈاکٹرز کو حفاظتی کٹس اور دیگر آلات کی فراہمی کیلئے 15کروڑ روپے حکومت نے ریلیز کردئیے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سینٹر ل پریس کلب میںکرونا وائرس کی تازہ صورتحال اور حکومتی اقدامات کے حوالے سے وزیر بہبود آبادی و آئی ٹی ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی اور صدر پی ایم اے ڈاکٹر شوکت حیات کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پرڈی جی اطلاعات راجہ اظہر اقبال‘ پی ایم کے دیگر عہدیداران اور ڈاکٹر ز کی بڑی تعدادان کے ہمراہ موجود تھی۔ انہوں نے کہاکہ چیف سیکرٹری کی ویڈیو کانفرنس میں تینوں ڈویژن کے کمشنرز او رانتظامیہ آن بورڈ تھی۔ میٹنگ میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں ۔ تمام 11انٹری پوائنٹس پر چیکنگ کا نظام مزید سخت کردیا گیا ہے۔ ہر پوائنٹ پر ریونیو‘ ہیلتھ اور پولیس کا عملہ موجود ہے ۔

پولیس مسافروں کو روکتی ہے ۔ ہیلتھ کا عملہ چیک کرتا ہے اور ریونیو والے مانیٹر کرتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ تفتان سے مزید 17زائرین کل تک ہمارے پا س آجائیں گے ۔انہوں نے مزید کہاکہ ہر ڈسٹرکٹ میں و ڈویژن سطح پر قرنطینہ سینٹر قائم ہیں جس میں ایک کمرہ ایک مریض ایک واش روم پالیسی کے تحت سہولت موجود ہے۔ اگر خدانخواستہ تعداد بڑھتی ہے تو ہوٹلوں کو بھی بک کرلیں گے۔ اس موقع پر صدر پی ایم اے ڈاکٹر شوکت حیات نے کہاکہ ہم نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر غیر مشروط طور پر اپنی ہڑتال موخر کردی ہے ۔ عوام کی حفاظت کرینگے۔ پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔