خواجہ برادران کومبارکباد دینے آنیوالوں کا تانتا ،اندرون اور بیرون ممالک سے ٹیلیفون پر بھی مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری

پارٹی کی مقبول لیڈر شپ کے بغیر کوئی کامیاب تحریک چلا ئی جا سکتی ہے اور نہ انتخابات جیتا جا سکتا ہے ‘ رانا ثنا اللہ کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 20 مارچ 2020 22:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2020ء) پیرا گون ہائوسنگ سکینڈل میں ضمانت پر رہاہونے والے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کومبارکباد دینے آنے والوں کا تانتا بند ھ گیا ، پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنمائوں اور عزیز و اقارب نے رہائشگاہ پر جا کر مبارکباد دی ۔اندرون اور بیرون ممالک سے ٹیلیفون پر بھی مبارکبادیں دینے کاسلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ روزمسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ ، حنیف عباسی ، تہمینہ دولتانہ ، میاں امجد لطیف، رانا مشہود احمد خان، سینیٹر آصف کرمانی ،رانا شہریار احمد، مجتبیٰ شجاع الرحمان، رانا ارشد سمیت دیگر رہنمائوں نے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق سے ملاقات کر کے انہیں مبارکباد پیش کی ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے خواجہ برادران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق نے جس جواں مردی سے مشکل وقت کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا اس سے نہ صرف ان کا بلکہ پارٹی کا وقار بھی بلند ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ریمارکس نیب کے خلاف چارج شیٹ ہیں ، یہ واضح ہو گیا ہے کہ حکومت اداروں کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کر رہی ہے ، نیب نیازی گٹھ جوڑ واضح ہو گیا ہے ،جب آپ سے پچھلے دو دہائیوں حساب مانگا جائے ،یہ کہا جائے کہ بجلی کے بلوں اور ملازمین کی تنخواہوں کا حساب دیں تو سب کچھ واضح ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے لئے دو چیزیں بڑی اہم ہیں،اس میں کوئی شک نہیں کہ پارٹی کی تنظیم سازی ہونی چاہیے ، پارٹی کو تنظیمی طور پر منظم ہونا چاہیے اور پارٹی کی تنظیم سازی میں ایسے لوگوں کو جگہ ملنی چاہیے جنہوںنے پارٹی کے لئے قربانیاں دی ہیںاور جو پارٹی کے ساتھ وفادار ہیں،کوئی بھی پارٹی مقبول لیڈر شپ کے بغیر کوئی کامیاب تحریک چلا سکتی ہے اور نہ کوئی انتخاب جیت سکتی ہے۔