جرمنی کی چانسلر اینگلا مرکل قرنطینہ میں چلی گئیں

اینگلا مرکل نے کورونا وائرس کے مشتبہ ڈاکٹر سے ملاقات کی تھی، ڈاکٹر کا ٹیسٹ مثبت آنے پر جرمن چانسلر نے خود کو قرنطینہ میں منتقل کرلیا۔ ترجمان جرمن چانسلر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 22 مارچ 2020 23:58

جرمنی کی چانسلر اینگلا مرکل قرنطینہ میں چلی گئیں
جرمنی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 مارچ 2020ء) جرمنی کی چانسلر اینگلا مرکل قرنطینہ میں چلی گئیں، اینگلا مرکل نے کورونا وائرس کے مشتبہ ڈاکٹر سے ملاقات کی تھی، ڈاکٹر کا ٹیسٹ مثبت آنے پر جرمن چانسلر نے خود کو قرنطینہ میں منتقل کرلیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق جرمن چانسلر اینگلا مرکل نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر خود کو قرنطینہ میں منتقل کرلیا ہے۔

جرمنی کی چانسلر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اینگلا مرکل نے قرنطینہ منتقل ہونے کا فیصلہ اس لیے کیا انہوں نے جمعہ کو جس ڈاکٹر سے ملاقات کی تھی ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اس لے بعد اینگلا مرکل قرنطینہ میں چلی گئی ہیں اور کورونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ واضح رہے جرمن حکومت نے دو ہفتوں کے لیے گھر یا دفتر سے باہر دو افراد سے زیادہ کےاکھٹے ہونے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب دوسری جانب ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس تیزی سے دوسرے ممالک میں پھیلتا جا رہا ہے اور اب تک 189 ممالک اس کی لپیٹ میں آ چکے ہیں، دنیا بھر میں اب تک مجموعی طور پر 3 لاکھ 29624 افراد وائرس کا شکار ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 14433 تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ریکارڈ ہوئی ہیں جہاں پر مزید 651 افراد وائرس کے باعث دم توڑ گئے، اسطرح اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی، اٹلی میں مجموعی طور پر 5476 اموات ہو گئی ہے جبکہ 5560 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 59138 ہو گئی ہے، اٹلی میں 7024 افراد صحت یاب ہو کر ہسپتالوں سے ڈسچارج ہو گئے ہیں جبکہ 46638 افراد ابھی زیر علاج ہیں جن میں سے 3 ہزار کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، اسپین میں مزید 375 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1756 ہو گئی ہے، 3107 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 28603 ہو گئی ہے، اسی طرح ایران میں وائرس کا شکار مزید 129 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1685 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 1028 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 21638 ہو گئی ہے۔

ایران وزارت صحت حکام کے مطابق اب تک 7635 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 12318 افراد ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، امریکہ میں 86 ہلاکتوں کے بعد مجموعی طور پر 388 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، 6084 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 30291 ہو گئی ہے، برطانیہ میں 48 مزید ہلاکتوں کے بعد تعداد 281 تک پہنچ گئی ہے، 665 تازہ کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرین کی تعداد 5683 ہو گئی ہے، انڈونیشیا میں مزید 10 افراد جان کی بازی ہار گئے، مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 48 ہو گئی ہے، ہالینڈ میں مزید 43 افراد دم توڑ گئے جس کے بعد مجموعی طور پر 179 ہلاکتیں ہو گئی ہیں، جرمنی، بیلجیئم اور آسٹریا میں 8، 8، ایکواڈور میں 7، چین اور فلپائن میں 6، 6 سوئٹزرلینڈ میں 5، عراق میں 3 پرتگال، ملائیشیا، جنوبی کوریا، یونان، پولینڈ، رومانیہ، بھارت، کولمبیا، الجیریا ہنگری، تیونس میں 2، 2 جبکہ سربیا، بحرین، کینیڈا، سویڈن، سلوانیہ، اینڈورا، برکینا فاسو، افغانستان میں ایک، ایک ہلاکت ہوئی ہے۔