کرونا وائرس کے پھیلائو کے پیش نظر کوٹلی میں تین ہفتوں کے لاک ڈائون پر سختی سے عمل درآمدشروع

منگل 24 مارچ 2020 18:53

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2020ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی خصوصی ہدایت پر کرونا وائرس کے پھیلاو کے پیش نظر آزاد کشمیر بھر کی طر ح ضلع کوٹلی میں تین ہفتوں کے لاک ڈاون پر سختی سے عمل درآمدشروع، اس سلسلہ میں کوٹلی شہر میں ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کا مشترکہ فلیگ مارچ شہر کے مختلف مقامات سے گزرا ،لاک ڈاون کے دوران شہر کی مارکٹیں بند رہی تاہم اشیاء خورد ونوش کی دوکانات ،سبزی شاپس،تندور،گوشت مارکیٹ ،ہسپتال اور میڈیکل سٹورز کھلے رہے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سردار عمر اعظم سے میڈیا نمائندگان نے ان کے آفس میں ملاقات کی اس موقع پر اے ڈی سی راجہ فاروق اکرم ،افسر مال راجہ ایاز ،صدر انجمن تاجراں ملک محمد یعقوب و دیگر متعلقین بھی موجود تھے اس موقع پر گفتگو کرتے ہو ئے ڈ پٹی کمشنر ڈاکٹر سردار عمر اعظم نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی خصوصی ہدایت پرکرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کوٹلی انتظامیہ کی جانب سے ضلع بھر میں لاک ڈاون پر سختی سے عمل درآمد کروایا جا رہا ہے اور پورے ضلع کو سیل کر دیا گیا ہے اس سلسلہ میںعوام الناس مکمل تعاون کر کے باشعور شہری ہونے کا ثبوت دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ لوگ اپنے گھروں کی حدتک محصور ہو کر خود کی اوردوسروں کی زند گیوں کومحفوظ بنا رہے ہیں آزمائش کی اس گھڑی میں ہر ایک کو اپنی ذمہ داری کو سمجھنا ہو گا انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف جلعی انتظامیہ کی جنگ میں ہی عوام الناس کی بہتری ہے اس کے لیے ضلعی انتظامیہ بھرپور طریقہ سے نبرد آزما ہے انہوں نے کہا کہ شہری گھروں سے غیر ضروری باہر نہ نکلیں ۔