کورونا وائرس کی وبا، مقبوضہ کشمیر کے لوگوں میں شدید خوف و اضطراب

منگل 24 مارچ 2020 22:42

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2020ء) کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور مقبوضہ وادی کشمیر میں 6افراد میں اس وبا کی تشخیص کے بعد لوگوں میں شدیدخوف اور اضطراب پایا جاتا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ علاقے میں ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اورمعاون طبی عملے کی بہت زیادہ کمی ہے۔ کورونا وائرس جس نے اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات کے حامل ممالک کو ہلا کر رکھ دیا ہے ، مقبوضہ کشمیر میں علاج معالجے کی سہولیات اس وبا سے نمٹنے کے لئے انتہائی ناکافی ہیں۔

(جاری ہے)

صورتحال کو دیکھتے ہوئے ، وادی کشمیرکے رہائشی کورونا وائر س کے ممکنہ تباہ کن نتائج سے بہت خوفزدہ ہیں۔ ان خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے کہ صورت حال اس سے بہت زیادہ سنگین ہوسکتی ہے کیونکہ کئی سو افراد جن میں سے بیشتر دوسرے ممالک کا سفر کرچکے ہیںکو قرنطینہ میںرکھا گیا ہے۔ سینئر ڈاکٹر اورگورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے ایک سابق پرنسپل نے خبردار کیا ہے کہ کوروناوائرس کی وجہ سے مقبوضہ وادی میں بہت بڑا سانحہ رونما ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہاں یہ وبا پھیل گئی تو لوگ بہت زیادہ تعداد میں مریں گے۔