آئندہ ماہ ایسٹر کے تہوار تک کورونا وائرس کو شکست دے دیں گے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

بدھ 25 مارچ 2020 10:40

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2020ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کا ملک12 اپریل کو منائے جانے والے ایسٹر کے تہوار تک کورونا وائرس کو شکست دے دے گا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا جب امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 55 ہزار اور اموات 8 سو سے تجاوز کرچکی ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے انتباہ کیا ہے کہ امریکا کورونا وباء کا اگلا عالمی مرکز بن سکتا ہے۔ امریکی صدر نے گزشتہ روز وائٹ ہائوس میں نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکہ میں ایسٹر کے تہوار تک حالات معمول پر آجائیں گے اور گرجا گھر عبادت گزاروں سے بھرے ہوں گے۔ ملک میںلاک ڈائون آئندہ ماہ تک ختم کر دیا جائے گا اور یہ سب کے لیے ایک خوبصورت وقت ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کے لیے ایسٹر کا تہوار بہت خاص دن ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک امریکہ کاروباری طور پر دوبارہ اپنے معمول پر نہیں آجاتا تب تک اسے کساد بازاری اور پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے اور اس وقت کورونا وائرس کے باعث ملک میں عدم استحکام کا سامنا ہے۔ وائٹ ہائوس بریفنگ کے بعد امریکی صدر نے کہا کہ انہیں اندھیرے کے بعد روشنی نظر آرہی ہے اگرچہ ہمارے فیصلے سخت حقائق اور عدادوشمار پر مبنی ہوں گے۔