تحریک پاکستان کے نامور کارکن اور پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر رفیق احمد انتقال کر گئے

بدھ 25 مارچ 2020 17:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2020ء) تحریک پاکستان کے نامور کارکن اور پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد انتقال کر گئے۔ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد 1984 میں پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر تعینات ہوئے جبکہ انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے وائس چانسلر کے طور پر بھی اپنی خدمات سرانجام دیں۔

قیام پاکستان کے وقت انہوں نے اپنی تعلیم اسلامیہ کالج لاہور سے حاصل کی۔ وہ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چئیرمین بھی تھے۔

(جاری ہے)

پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد اور اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری نے ان کے انتقال پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نظریہ پاکستان کے محافظ تھے اور ملک اپنی نظریاتی سرحدوں کے ایک عظیم محافظ سے محروم ہو گیا ہے جنھوں نے قیام پاکستان کے لئے قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر رفیق احمد ایک عظیم استاد اور بہترین منتظم تھے اور تعلیمی اداروں میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گاانہوں نے کہا کہ ڈاکٹر رفیق احمد کے انتقال سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ کبھی پر نہیں ہو سکتا۔