وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے جدید اور منفرد ایپ کا اجرا کر دیا

موبائل ایپ کے اجراء کا مقصد شہریوں کو سرکاری دفاتر میں لمبی قطاروں اور انتظار کی زحمت سے بچانا ہے اور پاکستان شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے والا ملک بن جائے گا،وزیراعظم عمران خان کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اگر کسی فارمیسی پر ماسک موجود نہیں تو شہری اس فارمیسی کی تصویر کھینچ کر اس ایپ پر بھیج سکتے ہیں جس سے انتظامیہ بروقت کارروائی کر سکے گی، یہ ایپ ان فارمیسی مالکان کے خلاف کارروائی میں بھی نہایت مدد گار ثابت ہو گی جو شہریوں کو مہنگے ماسک بیچ رہے ہیں

بدھ 25 مارچ 2020 23:44

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2020ء) وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کے شہریوں کو گھروں کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے جدید، عام اور منفرد موبائل ایپ کا اجراء کر دیا ہے۔ موبائل ایپ کے اجراء کا مقصد شہریوں کو سرکاری دفاتر میں لمبی قطاروں اور انتظار کی زحمت سے بچانا ہے، ایپ سے کورونا وائرس سے بچائو کے سامان کی عدم دستیابی کی شکایات بھی کی جا سکیں گی۔

بدھ کو یہاں ایک تقریب میں وزیراعظم عمران خان نے ایپ کا اجراء کیا۔ یہ ایپ اسلام آباد انتظامیہ اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے متعارف کرائی گئی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے اور دیگر حکام نے وزیراعظم کو موبائل ایپ سے متعلق بریفنگ دی۔ ایپ کے ذریعے 43 مختلف سہولیات شہریوں کو آن لائن فراہم کی جائیں گی جن میں اراضی، فرد، اسلحہ لائسنس، پیدائش و ڈیتھ سرٹیفکیٹ کا اجراء، گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی، شناختی کارڈ، ڈومیسائل، ای پولیسنگ، ایمرجنسی سروسز جیسی بنیادی سہولیات ایپ میں شامل ہوں گی۔

(جاری ہے)

ایپ سے کورونا وائرس سے بچائو کے سامان کی عدم دستیابی کی بھی شکایت کی جا سکے گی۔ ایپ مہنگے داموں ماسک بیچنے والے فارمیسی مالکان کے خلاف کارروائی میں مدد گار ثابت ہو گی۔ کورونا وائرس سے بچائو کیلئے ماسک اور دیگر سامان فراہم نہ کرنے والی فارمیسیز کی تصاویر بھی ایپ پر فراہم کی جا سکتی ہیں۔ ایپ سے کورونا وائرس سے بچائو کے سامان کی عدم دستیابی کی شکایت بھی کی جا سکتی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ موبائل ایپ سے شہریوں کی زندگی میں انقلاب آئے گا اور بنیادی ضروریات ان کے گھروں کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو مختلف دفاتر کے چکر لگانا پڑتے ہیں، اسلام آباد میں یہ ایک آزمائشی پروگرام ہے جس کے بعد ملک کے باقی شہروں میں بھی اس کا اجراء کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے کوئی ملک ترقی کرتا ہے اس کے شہریوں کو بھی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بہتری آتی ہے، اس ایپ سے شہری لائنوں میں لگنے کی زحمت سے بچ سکیں گے اور پاکستان شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے والا ملک بن جائے گا۔