کورونا وائرس قومی مسئلہ ہے، حکومت تنہا اس کا مقابلہ نہیں کر سکتی، اپوزیشن جماعتیں سیاسی پوائنٹ سکورننگ اور تنقید کی بجائے ملک میں مہلک وباء کو پر قابو پانے کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر اپنے حصے کی ذمہ داری ادا کریں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

جمعرات 26 مارچ 2020 10:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس قومی مسئلہ ہے، حکومت تنہا اس کا مقابلہ نہیں کر سکتی، اپوزیشن جماعتیں سیاسی پوائنٹ سکورننگ اور تنقید کی بجائے ملک میں مہلک وباء کو پر قابو پانے کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر اپنے حصے کی ذمہ داری ادا کریں۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی بہتری اور عوام کا تحفظ یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہمارا مقصد مل کر اس چیلنج سے مقابلہ کرنا ہے اسلئے حکومت اپوزیشن کی مثبت تجاویز پر ضرور غور کرے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تاریخ میں اس نوعیت کا چیلنج پہلے کبھی نہیں آیا، یہ ملک کی بقاء کا مسئلہ ہے، سب سیاستدان ملک سے مخلص ہیں، امید ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں مثبت کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تنقید جمہوریت کا حسن ہے لیکن یہ وقت ایک دوسرے پر تنقید کرنے کا نہیں ہے بلکہ ملک سے مہلک وباء کے خاتمے کیلئے مل کر حل تلاش کرنے کا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پارلیمانی لیڈرز کانفرنس کا آغاز اچھا نہیں تھا لیکن اختتام اچھا ہوا، معلوم نہیں تھا کہ شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کانفرنس میں شرکت کریں گے جس کی وجہ سے ابہام پیدا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپوزیشن رہنمائوں کو سن رہے ہیں، اپوزیشن رہنما بھی بڑے دل کا مظاہرہ کریں، حکومت سب کو ساتھ لیکر چل رہی ہے اور اتفاق رائے سے ملک سے وائرس کو شکست دینے کیلئے پر عزم ہے۔