کورونا وائرس کچھ سیاسی جماعتوں کیلئے زندگی کا ذریعہ بن رہا ہے، اپوزیشن اس مسئلہ پر سیاست کرنے سے گریز کرے، اپوزیشن لیڈر ذات کی بجائے عوام کیلئے کردار ادا کریں، وزیر اعظم کی تمام تر توجہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ملک سے مہلک وباء کے خاتمے پر مرکوز ہے، معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

جمعرات 26 مارچ 2020 10:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کچھ سیاسی جماعتوں کیلئے زندگی کا ذریعہ بن رہا ہے اور بدقسمتی سے کچھ سیاسی جماعتیں اس پر بھی سیاست کر رہی ہیں، اپوزیشن رہنمائوں کو چاہیے کہ کورونا پرسیاست نہ کریں، سیاست کیلئے بعد میں وقت مل جائیگا، وزیر اعظم کی تمام تر توجہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ملک سے مہلک وباء کے خاتمے پر مرکوز ہے۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت پر تنقید ضرور کریں لیکن وزیر اعظم عمران خان کی ذات کو ٹارگٹ نہ کریں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پارلیمانی لیڈرز وڈیو کانفرنس میں وزیر اعظم کی شرکت شیڈول نہیں تھی، آج کابینہ کا اجلاس تھا اور اس کے علاوہ بھی وزیر اعظم کی دیگر طے شدہ ملاقاتیں تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وڈیو کانفرنس میں حکومتی ارکان اور چیئرمین این ڈی ایم اے بھی شریک تھے، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر نے وزیر اعظم کو میٹنگ کے بارے آگاہ کیا جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے اسکائپ پر حکومتی اقدامات، حقائق پر مبنی چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے پارلیمانی رہنمائوں کو آگاہ کیا، ان کی دیگر مصروفیات تھیں اس لئے وہ چلے گئے، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر اپنی ذات کی بجائے عوام کیلئے کردار ادا کریں۔