مکہ، مدینہ اور ریاض میں لاک ڈاؤن کے بعد نئی چیک پوسٹس کی تفصیلات سامنے آ گئیں

وزارت داخلہ کے مطابق جزوی کرفیو کے اوقات میں اضافے کا طلاق جدہ پر نہیں ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 26 مارچ 2020 11:06

مکہ، مدینہ اور ریاض میں لاک ڈاؤن کے بعد نئی چیک پوسٹس کی تفصیلات سامنے ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26مارچ 2020ء) گزشتہ روز سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور ریاض میں کرفیو کے اوقات میں اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔سعوی وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشلہوب کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جمعرات کے دِن سے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور ریاض میں شروع ہونے والے لاک ڈاؤن کو موثر بنانے کی خاطر ان شہروں میں مزید مقامات پر چیک پوسٹس قائم کی جا رہی ہیں تاکہ لوگوں کی آمد و رفت پر پابندی کی کڑی نگرانی ہو سکے۔

ریاض ریجن میں اس وقت القاسم روڈ کے شمال، سلبوخ سلطانہ، سعد، القضیہ، الخرج روڈ اور ضراب روڈ پر چیک پوسٹس قائم ہیں، جبکہ رماہ اور اولڈ الخرج روڈ پر نئی چیک پوسٹس قائم کی جا رہی ہیں۔مکہ ریجن میں جدہ مکہ ایکسپریس وے پر شمیسی کے مقام پر، شمیسی میں ہی اولڈ مکہ روڈ پر، صبوحہ السیل سنٹر، الکِر، الکاکیہ، النورایہ کے علاوہ مکہ مکرمہ کو جانے والی برانچ روڈز پر بھی چیک پوسٹس قائم کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

مدینہ ریجن میں مکہ ہجرہ روڈ، ینبو روڈ الفرائش، تبوک روڈ الحوفیرہ، القاسم ہائی وے الحر کے علاوہ اولڈ قاسم سٹی روڈ پر ایک عارضی چیک پوسٹ بھی قائم کی گئی ہے۔ الشہلوب نے کہا کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور ریاض میں لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے کی خاطر تمام مقامی اور تارکین وطن کا بھرپور تعاون درکار ہے، کیونکہ ان کے تعاون اور احساس کے بغیر مملکت سے کورونا کی وبا کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ مکہ ریجن کی انتظامیہ کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ مکہ صوبے میں کرفیو کے اوقات میں اضافے کا اطلاق جدہ اور دیگر مضافاتی علاقوں پر نہیں ہو گا۔ گزشتہ روز کے شاہی فرمان کے مطابق مکہ مکرمہ میں کرفیو کا آغاز تین بجے سے لے کر اگلی صبح 6 بجے تک ہو گا۔