نیٹ بال کے رواں سال اپریل سے جولائی تک کوریا، سنگاپور اور آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے عالمی اور ایشین چیمپئن شپ کے مقابلے ملتوی

جمعرات 26 مارچ 2020 15:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) بین الاقوامی نیٹ بال کی تنظیموں نے نیٹ بال کے رواں سال اپریل سے جولائی تک کوریا، سنگاپور اور آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے عالمی اور ایشین چیمپئن شپ کے تمام مقابلے ملتوی کردیئے ہیں۔ گذشتہ روز پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر رزاق آرائیں نے بتایا کہ عالمی نیٹ بال فیڈریشن اور ایشین نیٹ بال فیڈریشن نے دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلاو ٴ کے خطرے کے پیش نظر رواں سال منعقد ہونے والے تمام نیٹ بال ایونٹس ملتوی کر دیئے ہیں جن میں مردوں کی ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ جو کہ 29 اپریل سے 5 مئی تک سنگاپور میں کھیلی جانی تھی اب یہ چیمپئن شپ رواں سال دسمبر میں کھیلی جائے گی جس میں نو ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان سمیت میزبان سنگاپور مالدیپ، ہانگ کانگ، سری لنکا، ملائشیاء، تھائی لینڈ، بھارت اور برونائی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

خواتین کی ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ جو کہ 19 سے 26 جون تک کوریا میں کھیلی جانی تھی بھی رواں سال دسمبر میں منعقد ہوگی جس 12 ممالک کی خواتین ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان سمیت میزبان کوریا، تائیوان، جاپان، مالدیپ، ہانگ کانگ، سری لنکا، ملائشیاء، تھائی لینڈ، سنگاپور، بھارت اور برونائی شامل ہیں، اس کے علاوہ عالمی انڈر-15 گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ 29 جون سے 4 جولائی تک آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں منعقد ہونی تھی کو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے جس کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، اس چیمپئن شپ میں دنیا بھر سے ٹیمیں حصہ لیں گی، مدثر آرائیں نے مزید بتایاکہ پاکستان میں نیٹ بال کی سرگرمیوں کو پہلے ہی حالات سازگار ہونے تک روک دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام اور کھلاڑیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے احتتاطی تدبیر کو ضرور مدد نظر رکھیں۔