امریکا میں کورونا وائرس سے تین پاکستانی شہری جاں بحق

میجر جنرل عبیرہ چوہدری ، بریگیڈیئر (ر)عرفان شکر کے بیٹے اورسماجی کارکن حاجی اقبال وفات پاگئے

جمعرات 26 مارچ 2020 19:26

امریکا میں کورونا وائرس سے تین پاکستانی شہری جاں بحق
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2020ء) امریکا میں کورونا وائرس سے تین پاکستانی شہری جاں بحق ہوگئے، میڈیا رپورٹس کے مطابق میجر جنرل عبیرہ چوہدری اور بریگیڈیئر (ر)عرفان شکر کے بیٹے رحمن شکر کو رواں ماہ کے آغاز میں کورونا وائرس ہوا تھا جس کے بعد انہیں واشنگٹن کے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ انتقال کرگئے۔26 سالہ رحمن شکر انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ میں فنانشل سسٹم کے ماہر کے طور پر اپنی خدمات دے رہے تھے جبکہ ان کی والدہ آرمی میڈیکل کور میں گائناکولوجسٹ اور والد اسلام آباد میں نجی میڈیکل یونیورسٹی میں ملازمت کرتے ہیں۔

رحمن شکر نے 21 مارچ کو اپنے فیس بک پر لکھا تھا کہ فیصلہ کرنا نہایت مشکل ہے کہ اس مرض کا انسانی پہلو زیادہ اہمیت رکھتا ہے یا معاشی اثرات، جذبات سے پالیسی بنانا آسان ہے مگر ہم نے وقت کے ساتھ ساتھ یہ سیکھا ہے کہ یہ کتنا برا ہے۔

(جاری ہے)

امریکا میں دیگر پاکستانی جو اس وائرس کی وجہ سے انتقال کرگئے ان میں نیو یارک کے کاروباری شخص حاجی اقبال وڑائچ اور ایک نامعلوم پاکستانی خاتون شامل ہیں اور دونوں 23 مارچ کو نیو یارک میں انتقال کرگئے۔

حاجی اقبال وڑائچ انسان دوست تھے جو پاکستانی اور امریکی عطیات میں ہمیشہ حصہ لیتے تھے اور وہ برادری کے معاملات میں بھی سرگرم رہتے تھے۔ان کی تدفین نیویارک کے لانگ آئی لینڈ میں کی گئی ہے۔علاوہ ازیں وائرس سے ہلاک ہونے والی پاکستانی خاتون کے اہلخانہ اور دوستوں نے بتایا کہ جب وہ کورونا وائرس سے متاثر ہوئیں تو اس سے پہلے وہ بروک لِن کے ہسپتال میں تھیں۔تاہم انہوں نے کہا کہ وہ خاتون کا نام ذرائع ابلاغ میں نہیں ظاہر کرنا چاہتے۔