آزادکشمیر کی وزیر صنعت و ترقی نسواں کا بینک روڈ آفیسر کلب میں قائم قرنطینہ سنٹر کا دورہ

قرنطینہ سینٹر میں سہولیات کا جائزہ لیا ، ڈاکٹروں سے ملاقات کی، ڈاکٹر ز کی خدمات کو سراہا،تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

جمعرات 26 مارچ 2020 20:44

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2020ء) آزادکشمیر کی وزیر صنعت و ترقی نسواں نورین عارف کا بینک روڈ آفیسر کلب میں قائم قرنطینہ سنٹر کا دورہ ۔ قرنطینہ سینٹر میں سہولیات کا جائزہ لیا اور ڈاکٹروں سے ملاقات کی۔ وزیر حکومت نے ڈاکٹر ز کی خدمات کو سراہا اور ان کے جملہ تحفظات دور کرنے کی یقین دھانی کروائی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محترمہ نورین عارف نے کہا کہ کرونا وائر س کے حوالہ سے محکمہ صحت کے عملہ اور ڈاکٹر ز کی خدمات نا قابل فراموش ہیں۔

قرنطینہ سینٹر میں کام کرنے والے جملہ سٹاف کو حفاظتی کٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہمارے لیے یہاں کام کرنے والے عملہ کی صحت اولین ترجیح ہے۔حکومت قرنطینہ سینٹر ز میں جملہ سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام سے اپیل ہے کہ وہ انتظامیہ ، پولیس و دیگرمتعلقہ اداروں سے تعاون کریں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے جملہ اقدامات عوام کی حفاظت کے لیے ہیں۔ عوام کو بھی سماجی ذمہ داریوں کا مظاہر ہ کرتے ہوئے حکومتی مشینر ی سے تعاون کر نا چاہیے تاکہ اس مہلک وائر س سے بچا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائر س کی روک تھام کے لیے حکومت آزادکشمیر نے فوری اقدامات کیے ہیں اور لاک ڈاون کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اسے آزاد کشمیر میں داخل ہونے سے روکا جا سکے۔