گورنر خیبرپختونخوا نے کورونا صورتحال کے تناظر میں خیبرمیڈیکل یونیورسٹی پشاور میں ٹیلی میڈیسن سروسز کاافتتاح کردیا

جمعرات 26 مارچ 2020 22:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2020ء) گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کورونا صورتحال کے تناظر میںخیبرمیڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو)پشاور میں ٹیلی میڈیسن سروسز کاافتتاح کردیا۔یہ افتتاح انہوں نے گزشتہ روز کے ایم یو میں کیا جس کامقصد صوبے کے دوردراز علاقوں بالخصوص قبائلی اضلاع کے لوگوں کو ان کے گھروں پر ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کے ذریعے ماہر ڈاکٹرز کی جانب سے مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر دیگر کے علاوہ کے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارشد جاوید،رجسٹرار پروفیسرڈاکٹر محمد سلیم گنڈاپور،انچارج ٹیلی میڈیسن پراجیکٹ ڈاکٹر عبد الجلیل خان،ڈاکٹر محمد جواد اور ڈاکٹر کاشف علی بھی موجود تھے۔قبل ازیں گورنر کو ٹیلی میڈیسن پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر عبد الجلیل خان نے بتایا کہ ٹیلی میڈیسن کا شعبہ بیرونی ممالک میں علاج معالجے اور طبی مشوروں کے حوالے سے کافی ترقی کرچکا ہے جب کہ خیبرپختونخوا میں پبلک سیکٹر میں اس کے آغازسے صوبے کی ایک بڑی آبادی کو گھر بیٹھے مایہ ناز طبی ماہرین کی جانب سے مفت طبی مشوروں کے علاوہ علاج معالجے کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے گورنر کو بتایا کہ کسی بھی پبلک سیکٹر ادارے کی جانب سے ٹیلی میڈیسن سروسز کے آغاز سے جہاں صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے لاکھوں لوگوں کو گھر بیٹھے صحت کی معیاری اور بہترین سہولیات دستیاب ہوں گی وہاں اس اقدام سے کرونا وباء کے تناظر میں کرونا کے مشتبہ مریضوں کے ساتھ ساتھ عام مریض ہسپتالوں اور کلینکس کے چکر لگانے سے بھی بچ جائیں گے۔

دریں اثناء افتتاحی تقریب جس کا بندوبست انتہائی سادہ اورمختصر کیاگیا تھا سے خطاب کرتے ہوئے گورنر شاہ فرمان نے کہا کہ کے ایم یو نے کرونا وباء کے تناظر میں جاری لاک ڈائون کومدنظر رکھتے ہوئے ٹیلی میڈیسن کی صورت میں آج جس منصوبے کاآغاز کیا ہے اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ طب کا پیشہ یقیناً خدمت خلق کا ایک بہترین شعبہ ہے جس کے ذریعے دکھی انسانیت کی خدمت کا جو فریضہ انجام دیا جارہا ہے وہ لائق تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے ایم یو کی انتظامیہ اور متعلقہ ماہرین قابل مبارک باد ہیں جنہوں نے کرونا وباء کے تناظر میں علاج معالجے اور طبی مشوروں کا مفت آن لائین سلسلہ شروع کر کے دیگر اداروں کے لیے بھی ایک نمایاں مثال قائم کی ہے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب میں کے ایم یو کا سٹاف دن رات انتہائی سخت حالات میں جو خدمات انجام دے رہا ہے وہ قابل تعریف ہے اوراب کے ایم یو نے ٹیلی میڈیسن کے شعبے میں طبی خدمات کا جو سلسلہ شروع کیا ہے اس کے بھی حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئیں گے اور امید ہے کہ خدمات کے اس سلسلے کو آئندہ بھی اسی قومی جزبے سے جاری رکھا جائے گا۔

گورنر نے کے ایم یو ریفرنس لیب کے سٹاف کی خدمات کی تعریف گورنر نے بعد ازاں ٹیلی میڈیسن سروسز کے باقاعدہ افتتاح کے علاوہ کے ایم یو پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب کا دورہ بھی کیا۔واضح رہے کہ مذکورہ ٹیلی میڈیسن پراجیکٹ کے ذریعے ابتدائی طور پر صبح9بجے سے لیکر شام 6بجے تک آن لائین سروسز فراہم کی جائیں گی جس کے لیئے پچاس سے ذائد ماہر ڈاکٹرز جن میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر ارشد جاوید،رجسٹرار پروفیسرڈاکٹر محمد سلیم گنڈا پور،ڈاکٹر عبدالجلیل خان،ڈاکٹر محمد جواد اور ڈاکٹر کاشف علی قابل ذکر ہیں یہ خدمات مفت فراہم کریں گے جن سے مریض ہیلپ لائن نمبرز0317-1777516اور0317-9797297 پر براہ راست رابطے کے علاوہ کے ایم یو کے آفیشل ویب سائٹwww.kmu.edu.pkپر بھی رابطہ کر سکیں گے۔#