میڈیا شہریوں کو کورونا وائرس کے بارے میں آگاہی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرے ، چوہدری ظہیر الدین

جمعرات 26 مارچ 2020 23:56

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن /فوکل پرسن کرونا وائرس فیصل آباد چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ شہریوں کو کورونا وائرس سے بچائو کی احتیاطی تدابیر سے آگاہی کے لئے میڈیا کے جاندار کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا لہذا وہ عوام الناس میں احساس برقرار رکھنے کے لئے وسیع مہم چلائیں تاکہ مشترکہ کاوشوں سے کورونا وائرس کو شکست دی جاسکے۔

انہوں نے یہ بات کمشنر آفس میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ڈویژنل کمشنرعشرت علی،آر پی او راجہ رفعت مختار،ڈپٹی کمشنر محمد علی،سی پی او کیپٹن(ر)سہیل چوہدری اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بلال احمد بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزداراور ان کی سیاسی ٹیم سمیت انتظامی افسران کی کاوشوں سے کورونا وائرس کو قابو میں رکھنے میں مدد مل رہی ہے جس میں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز کی خدمات بھی قابل ستائش ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں چائنیز کی رہائش گاہوں پر موجودتمام چائینیز کی سکیننگ کی جارہی ہے جبکہ تبلیغی جماعت کے 39 لوگوں کو ٹریس کرلیا ہے اور وہ سب نے خود کوکورنٹائن میں رکھا ہوا ہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ابھی تک فیصل آباد میں کورونا کے دو مریض ہیں جبکہ مزید سات مریضوں کے ٹیسٹ رپورٹس بھجوائی گئی ہیں اور اب تک 8 رپورٹس نیگیٹو آچکی ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ سرکاری قرنطینہ سے کوئی شخص باہر نہیں نکلا،ایسی غلط معلومات سے انتظامیہ اور پولیس کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے جس سے گریز کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے افسران سے تصدیق کے بغیر کوئی خبر نشر نہ کی جائے۔صوبائی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ڈاکٹروں کی کٹس کے لیے فنڈز جاری ہو رہے ہیں اور یہ مسئلہ بھی حل کرلیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ذخیرہ اندوزی کرکے اشیاء ضروریہ کا بحران پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جارہا ہے میڈیا بھی اس سلسلے میں تعاون جاری رکھے۔