پوری قوم کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کوطبی امداد فراہم کرنے والے ڈاکٹرزو پیرا میڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، رانا جاوید عمر خاں

پیر 30 مارچ 2020 17:00

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2020ء) صدر تحریک انصاف علامہ اقبال ٹاؤن زون لاہور رانا جاوید عمر خاں نے کہا ہے کہ پوری قوم کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کوطبی امداد فراہم کرنے والے ڈاکٹرز،نرسزاور پیرا میڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔اور ان کے کردار کو تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ حکومت ڈاکٹرز،نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو ہر طرح کاحفاظتی سامان مہیا کر رہی ہے اور اس وبا سے نبرد آزما ہونے کے دوران سامنے آنے والی کمی کوتاہیوں کو بھی بغیر کسی تاخیر کے دور کیا جارہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی رہنمائی میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔علامات ظاہر ہونے والے مریضوں کے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ٹیسٹ کئے جارہے ہیں،قرنطینہ کے لئے استعداد کار کو بڑھایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم نے ایک دوسرے پر تنقید کی بجائے ایک دوسرے کی اصلاح کا فریضہ سر انجام دینا ہے لیکن بد قسمتی سے مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی کو اس موقع پر بھی سیاست سیاست کھیلنے سے فرصت نہیں،عوام حکومت اور اپوزیشن کے کردار پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور وقت آنے پر ضرور جوابدہی ہو گی۔

حکومت نے مختلف شعبوں کی مشکلات کو مد نظررکھتے ہوئے 18ارب روپے کے صوبائی ٹیکسز معاف کئے ہیں۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے روزگار کی بندش سے متاثر ہونے والے 25لاکھ گھرانوں کو 4ہزار روپے فی گھرانہ ادا کیے جائیں گے جس کیلئے 10ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، اور اس میں شفافیت کومد نظر رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران گھروں میں رہ کر حفاظتی تدابیر پر عمل پیرا ہوں تاکہ کورونا وائرس کی وبا کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔