پاکستان پیپلز پارٹی کا کارکن ہونے پر فخر ہے،کرونا وائرس پر سب سے پہلے سندھ حکومت نے حفاظتی اقدامات کیے، تیمور علی مہر

کرونا کے خلاف جنگ میں صف اول پر کھڑے اپنے ڈاکٹروں کو سلام پیش کرتے ہیں ،گھمبیر صورتحال میں سیکورٹی اداروں کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، پیپلز یوتھ

پیر 30 مارچ 2020 17:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2020ء) پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سندھ کے ترجمان تیمور علی مہر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا کارکن ہونے پر فخر ہے، پیپلز پارٹی پاکستان کی وہ جماعت ہے جس نے ہمیشہ ملک و قوم کی خدمت کو مقدم جانا، پاکستان میں کرونا وائرس کی وجہ سے پوری قوم کو گھمبیر صورتحال کا سامنا ہے، سندھ حکومت نے سب سے پہلے نہ صرف کرونا وائرس سے حفاظتی اقدامات کیے بلکہ اس کے پھیلائو کو روکنے کے لیئے سب سے پہلے چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاک ڈائون کا مطالبہ کیا، ان خیالات کاا ظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ سے جاری کردہ بیان میں کیا، تیمور علی مہر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کے تمام لوگ کرونا وائرس سے عوام کو بچانے کے لیئے اقدامات کر رہے ہیں ، ہمارے لیئے قابل فخر ہیں وہ سندھ دھرتی کے بیٹے اور بیٹیاں جو اپنے لوگوں کی جانوں کو بچانے کے لیئے اپنی زندگی دائو پر لگا کر فرائض انجام دے رہے ہیں ، انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ کی بروقت اقدامات اور دن رات محنت سے صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے پھیلائو پرکنٹرول ہورہا ہے ، ہم سب کو ملکر حکومت سندھ کے جاری کردہ احکامات پر مکمل عمل درآمد کرنا ہے تا کہ حکومت کی منصوبہ بندی کا فائدہ عام انسان کو ہو اور کرونا وائرس کو ہرانے میں کا میاب ہوسکیں، جتنا گھروں میں رہیں گے اتنا ہی محفوظ رہیں گے، انہوں نے کہا کہ سلام پیش کرتے ہیں ان ڈاکٹروں کو جو اپنے جان کی پروا کیے بنا لوگوں کی زندگیاں بچانے میں لگے ہوئے ہیں ، حکومتی اقدامات صرف کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیئے ہیں ، حالات جب گھمبیر ہوتے ہیںتو ریاست کو مشکل فیصلے لینے پڑتے ہیں لیکن اگر عوام ریاستی فیصلوں پر عمل کرے تو مشکل وقت بھی جلد ی ختم ہو جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ اسوقت ہمیں احتیاطی تدابیر کے ساتھ ان لوگوں کی مدد بھی کرنی ہے جو روزانہ کی بنیادوں پر کماتے ہیں ان کے گھروں میں راشن اور دیگر اشیائے ضروریہ اپنی حیثیت کے مطابق پہنچائیں تا کہ ان کی ضروریات بھی پوری ہوسکیں، انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کو سب نے ملکر شکست دینی ہے اس کے لیئے سب پر لازم ہے کہ حکومتی احکامات پر سختی سے عمل کریں اور بلاوجہ نہ خود باہر جائیں اور نہ ہی اپنے بچوں کو باہر جانے دیں کیونکہ یہی ایک واحد حل ہے جس سے ہم کرونا کو شکست دے سکتے ہیں ،اپنے ملک ، خاندان اور بچوں کی جانوں کی حفاظت کریں اور اپنے گھروں میں رہیں۔