کورونا وائرس کی وجہ سے اکیلا دعا مانگنے کیلئے گڑھی خدا بخش آیا ہوں، آج ہمیں ایک ہونے کی ضرورت ہے‘ بلاول بھٹو

صوبے وفاق کی جانب دیکھ رہے ہیں، صوبے پرامید ہیں کہ وفاق سب کو برابری کی بنیاد پر ڈیل کرکے ضروریات پوری کریگا سندھ میں زکوة کی رقم مستحقین میں تقسیم ہو چکی ہے ، حکومت فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر عوام تک راشن پہنچارہی ہے‘چیئرمین پیپلز پارٹی

ہفتہ 4 اپریل 2020 16:06

کورونا وائرس کی وجہ سے اکیلا دعا مانگنے کیلئے گڑھی خدا بخش آیا ہوں، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چار اپریل کو ملک بھر سے لاکھوں جیالے گڑھی خدابخش جمع ہوکر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں مگر کورونا وائرس کی وجہ سے امسال اکیلا دعا مانگنے کے لئے گڑھی خدا بخش آیا ہوں، یہ وقت ہے کہ ہم آپس کی لڑائی بھول کر ایک ہوجائیں، آج ہمیں ایک ہونے کی ضرورت ہے، صوبے وفاق کی جانب دیکھ رہے ہیں، صوبے پرامید ہیں کہ وفاق سب کو برابری کی بنیاد پر ڈیل کرکے ضروریات پوری کرے گا۔

پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی 40ویں برسی پر اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی حکومتیں اپنے عوام کی زندگیوں اور صحت کو بچانے کے لیے مشکل فیصلے کررہی ہیں، پاکستان میں بھی آپ کی زندگی کو بچانے اور صحت کے تحفظ کے لئے مشکل فیصلے لئے جارہے ہیں، میں ان پاکستانیوں کا شکرگزار ہوں کہ جو اس مشکل وقت میں امداد دے کر اپنا کردار ادا کررہے ہیں، میں جانتا ہوں کہ پاکستان کے عوام غریبوں کی مدد کررہے ہیں، سندھ حکومت مختلف فلاحی اداروں اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے، سندھ حکومت کوشش کررہی ہے کہ تمام مستحقین کو راشن پہنچاسکے، سندھ حکومت نے کوشش کی ہے کہ غریب عوام کم سے کم مشکلات سے دوچار ہوں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کوئی ادارہ اس بحران میں کسی کو بے روزگار نہیں کرسکتا، سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس بحران میں ادارے ملازمین کو پوری تنخواہ ادا کریں گے، سندھ میں زکوة کی رقم مستحقین میں تقسیم ہو چکی ہے ، حکومت فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر عوام تک راشن پہنچارہی ہے۔ا نہوں نے کہا کہ ہم اکیلے یہ کام نہیں کرسکتے، ہمیں آپ کی مدد کی ضرورت ہے، میں اپیل کرتا ہوں کہ اگر آپ امداد کرسکتے ہیں تو ہمارا ساتھ دیں تاکہ ہم غریب عوام کا خیال رکھ سکیں، اس وقت سب سے اہم تقاضہ اپنی صحت اور زندگی کا خیال رکھنا ہے، گھروں میں محدود رہ کر اور ڈاکٹروں کے مشورے کو مان کر آپ خود کی زندگی کو بھی محفوظ بناسکتے ہیں اور دوسروں کی بھی ،یہ بھی ضروری ہے کہ فرنٹ لائن پر کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے والے طبی عملے پر بھی کم سے کم بوجھ ہو، کامیابی اسی صورت میں ممکن ہے کہ جب پاکستان کے عوام ہمارے ساتھ مل کر اس بحران کا مقابلہ کریں۔

ا نہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ ہم آپس کی لڑائی بھول کر ایک ہوجائیں، جیسے جنگ اور قدرتی آفات میں ہم سب ایک ہوجاتے ہیں، اس وقت ایسے ہی اتحاد کی ضرورت ہے، آج ہمیں ایک ہونے کی ضرورت ہے، صوبے وفاق کی جانب دیکھ رہے ہیں، صوبے پرامید ہیں کہ وفاق سب کو برابری کی بنیاد پر ڈیل کرکے ضروریات پوری کرے گا، ہر صوبے کی وفاق نے مدد کرنا ہوگی، ٹیسٹنگ کٹس پہنچانا ہوں گی، وفاق نے ہر صوبے کے ڈاکٹرز کے لئے حفاظتی لباس پہنچانا ہوں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاق کو ہر صوبے کے بیمار افراد کے لئے وینٹی لیٹرز پہنچانا ہوں گے، ہم سب کو مل کر کرونا وائرس کا مقابلہ کرنا ہوگا جو ایک دوسرے کی مدد کے بغیر ممکن نہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ حکومت کی تجاویز کو مانتے ہوئے گھر پر رہیں اور سماجی فاصلے کو اختیار کریں، اگر آپ کسی مستحق کی امداد کرسکتے ہیں تو آپ کو ضرور اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، میں امید کرتا ہوں کہ ہم آپ سب کی مدد سے اس مشکل وقت سے نکل جائیں گے۔