اگر وائرس کچی آبادیوں میں پھیل گیا تو اس کو روکنا مشکل ہوگا: وزیراعلیٰ سندھ

ابھی تک ہمارے پاس کوئی کچی آبادی کے کیسز نہیں آئے ہیں، سارے کیسز پکے علاقوں کے ہیں، باہر سے سفر کرکے آنے والوں کے ہیں، اگر وائرس کچی آبادیوں میں پھیل گیا تو اس کو روکنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا: سید مراد علی شاہ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 5 اپریل 2020 12:06

اگر وائرس کچی آبادیوں میں پھیل گیا تو اس کو روکنا مشکل ہوگا: وزیراعلیٰ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 اپریل2020ء) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مارچ سے تین اپریل تک دنیا بھر میں کوروناوائرس نے مزید تباہی مچائی ہے،موجودہ صورتحال میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتمادمیں لیکرفیصلے کیے ہیں،ہماری ترجیح ہے ہرصورت میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو کم کریں۔ہفتہ کو وزیراعلی سندھ کی زیرصدارت صنعتکاروں کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں سراج قاسم تیلی،میاں زاہد،محمدعلی تابا،زین بشیر،خالدمجید،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی،صوبائی وزراسعید غنی،مکیش چاولہ،امتیاز شیخ اور ناصر شاہ شریک ہوئے۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ کرونا ختم تب کرسکتے ہیں جب اس کی کوئی دوائی بن جائے،تین ہزار کے قریب کیسز آئے ہیں،کورونا کے باعث ہماری معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے اور مزید ہوگی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ابھی تک ہمارے پاس کوئی کچی آبادی کے کیسز نہیں آئے ہیں، سارے کیسز پکے علاقوں کے ہیں، باہر سے سفر کرکے آنے والوں کے ہیں، اگر وائرس کچی آبادیوں میں پھیل گیا تو اس کو روکنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا، یہی وجہ ہے کہ سندھ حکومت نے سخت اقدامات کیے۔اجلاس میں شریک تاجر رہنما سراج قاسم تیلی نے کہا کہ ہم رواں ماہتنخواہ دے چکے ہیں لیکن آئندہ ماہ مشکل ہوگا، کوئی ایس او پی بنائی جائے تاکہ صنعت کا کچھ نہ کچھ پہیہ چلتا رہے، ایسی صنعتوں کو چلانے کی اجازت دی جائے جسکی اپنی لیبر کالونی ہو۔

دوسری جانب پاکستان میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد45 ہوگئی ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد 2880 ہوگئی جبکہ 170 صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک مریض کورونا وائرس کے کا شکار ہوکر زندگی کی بازی ہار گیا جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 45 ہوگئی جب کہ مجموعی طور پر 170 افراد صحت یاب ہوکر گھر جاچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجابمیں 1163، سندھ میں 864، خیبر پختونخوا میں 372 ، بلوچستان میں 185، اسلام آباد 78، آزاد کشمیر 12 اور گلگت بلتستان میں 206 کورونا کے مریض ہیں۔ ملک بھر میں اس وقت کورونا کے 45 تصدیق شدہ مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔