کوہاٹ میں احساس کفالت پروگرام کیلئے تمام تر حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

جمعرات 9 اپریل 2020 23:24

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اپریل2020ء) کوہاٹ میں احساس کفالت پروگرام کیلئے تمام تر حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔مستحق خاندانوں میں امدادی رقوم تقسیم کرنے کیلئے جمعرات کے روز سے شروع ہونیوالے احساس ایمرجنسی کفالت پروگرام کیلئے جامع سیکیورٹی پلان تشکیل دیدیا گیا ہے ۔حفاظتی اقدامات کے تحت ضلع بھر میں پولیس اور پاک فوج کے 1500سے زائد اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے ہیں۔

احساس پروگرام کی ادائیگیوں میں عوامی سہولت اور تحفظ کا خاص خیال رکھتے ہوئے ضلع بھر میں 37مقامات پر ڈسٹری بیوشن پوائنٹس مختص کئے گئے ہیں جبکہ ضلع کوہاٹ کو4 سیکٹرز اور 12سب سیکٹرز میں تقسیم کرکے سرکل ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز علاقائی حدود میں قائم متعلقہ ڈسٹری بیوشن پوائنٹس کے نگران مقرر کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)منصور امان نے ڈپٹی کمشنر آفس کوہاٹ میں احساس کفالت پروگرام پیکج کے اجراء کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی طرف سے مستحق خاندانوں میں امدادی رقوم تقسیم کرنے کے سلسلے میں ملک بھرکی طرح کوہاٹ میں بھی آج جمعرات کے روز سے شروع ہونیوالے احساس ایمرجنسی کفالت پروگرام کیلئے تمام تر حفاظتی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

حفاظتی اقدامات کے تناظر میں طے شدہ جامع لائحہ عمل کے تحت فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے اور حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے پولیس اور پاک فوج کے مشترکہ دستوں کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں ۔ضلع بھر میں احساس پروگرام کی سیکیورٹی کیلئے پولیس اور پاک فوج کے 1500سے زائد اہلکار حفاظتی ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے ہیں اور احساس کفالت پروگرام کی ادائیگیوں میں عوامی سہولت کا خاص خیال رکھتے ہوئے ضلع کے مختلف مقامات پر 37ڈسٹری بیوشن پوائنٹس بنائے گئے ہیں ۔

ڈی پی او نے بتایا کہ احساس پروگرام کیلئے تشکیل کردہ سیکیورٹی پلان کے تحت ضلع کوہاٹ کو چار سیکٹرز اور بارہ سب سیکٹرز میں تقسیم کردیا گیا ہے اور سرکل ڈی ایس پیز اور تھانوں کے ایس ایچ اوز کو تھانوں کی علاقائی حدود میں ڈسٹری بیوشن پوائنٹس اور دیگر سیکیورٹی امور کی ذمہ داری تفویض کردی گئی ہے۔ضلع بھر میں لاک ڈائون کا سلسلہ بھی جاری ہے اور پولیس و پاک فوج کی کوئیک رسپانس ٹیموں کو مختلف علاقوں میں موبائل گشت پر مامور کردیا گیا ہے جبکہ ضلع بھر میں مختلف مقامات خصوصاً حساس علاقوں میں اضافی ناکہ بندیاں قائم کرکے نگرانی کا عمل مزید تیز کردیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)منصور امان نے عوام سے بھی اس سلسلے میں اپیل کی ہے کہ صرف وہ لوگ رقم کی وصولی کیلئے تشریف لائیں جنہیں بذریعہ فون اطلاع دی جائے ۔انہوں نے یہ بھی اپیل کی ہے کہ عوام کورونا خدشات کے پیش نظر غیر ضروری رش اور ہجوم بنانے سے گریز کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور اپنی جانوں اور دوسروں کی زندگی کو محفوظ بنانے کیلئے پولیس انتطامیہ کا ساتھ دیں۔