اطالوی کمپنی نے عالمی وبا کے دوران ساحل سمندر پر لطف اندوز ہونے کے لیے انوکھا حل پیش کر دیا

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 19 اپریل 2020 23:54

اطالوی کمپنی نے   عالمی وبا کے دوران ساحل سمندر   پر لطف اندوز ہونے کے ..
اٹلی جیسے ملک میں جہاں کورونا نے حد سے زیادہ تباہی مچاہی ہے ،  اس وبا کے دوران ساحل پر مچلتی لہروں سے لطف اندوز ہونے  کا سوچنا ہی کافی خوفناک ہے لیکن اٹلی کی ہی ایک کمپنی نے اس کا حل پیش کر دیا ہے۔ کمپنی پکسل گلاس سے بنے کیوبیکل  یا یک بستری خیمے کا انوکھا ڈیزائن پیش کیا ہے، جس میں رہتے ہوئے لوگ کورونا سے محفوظ رہ کر ساحل سمندر کے نظارے سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔


کووڈ-19 کی عالمی وبا نے اٹلی کی سیاحت کی صنعت کو بالکل تباہ کر دیا ہے لیکن موڈینا کی ایک کمپنی نیووا نیون نے حال ہی میں شفاف پکسل گلاس کیوبیکل  کا انوکھا ڈیزائن متعارف کرایا ہے۔ انہیں ساحل سمندر پر نصب  کر کے سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے لوگ سمندر کے نظارے سے محظوظ ہو سکتے ہیں۔یہ بڑے سائز کے شفاف باکس  لوگوں کو ایک دوسرے سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

(جاری ہے)


ان کیوبیکل کی اونچائی 2 میٹر اور ہر طرف سے چوڑائی 4.5 میٹر ہے۔ہر ایک کیوبیکل میں  دو بستر اور ایک بڑی چھتری نصب ہو سکتی ہے، اس کے بعد بھی اس میں چلنے پھرنے کے لیے جگہ ہوگی۔
کمپنی نے ابھی اس کا تصور پیش کیا ہے۔ یہ ابھی تک ڈیزائننگ کے مرحلے میں ہیں۔کمپنی کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی سے بیرون ملک سے کئی آرڈر مل گئے ہیں۔کمپنی کا کہنا ہے کہ انہیں عام پکسل گلاس سے نہیں بنایا گیا ہے بلکہ یہ الٹراوائلٹ شعاعوں کو بھی روک سکتے ہیں۔

ان میں سینیٹائزر ڈسپنسر بھی ہیں اور ان کی کھلی چھت ہونے کی وجہ سے اس میں گرمی بھی نہیں ہوگی۔اٹلی کے بہت سی دیگر کمپنیوں ، جو ساحل سمندر  کا انتظام سنبھالتی ہیں،  نے اس  طرح کے باکس کو ناپسند کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں  اٹلی میں  ان کا نصب کرنا ممکن نہیں ہے۔
توقع ہے کہ ان باکسز کی پہلی کھیپ تین ہفتوں تک تیار ہو جائے گی۔
اطالوی کمپنی نے   عالمی وبا کے دوران ساحل سمندر   پر لطف اندوز ہونے کے ..