سیلابی صورتحال سے محفوظ بنانے کیلئے محکمہ انہار کو فلڈ ایمر جنسی پلان مرتب کرنے کی ہدایت

بدھ 22 اپریل 2020 22:05

سرگودھا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2020ء) کمشنر سرگودہاڈاکٹر فرح مسعود نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے علاوہ عوام کو سیلابی صورتحال سے محفوظ رکھنا انتظامی اداروں کی بنیادی اوراہم ذمہ داری ہے ۔ تمام ڈپٹی کمشنرز ہنگامی بنیادوں پر فلڈ ایمر جنسی پلان مرتب کر یں ۔محکمہ انہار متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر سے مل کر دریائی پشتوں کااز سر نو سروے کریں دریاؤں کنارے آبادیوں کا جائزہ لیا جائے ، دریاؤں کے پشتوں کو محفوظ بنانے کے تمام جاری منصوبے جلد از جلد مکمل کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلاب کے پیشگی انتظامات کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میںمنگلاکور سے بریگیڈیر منصور ‘ میانوالی /بھکر سے بریگیڈیر احسن وقاص ‘ کرنل سرفراز اعوان ‘ کرنل ظہور ‘ چیف انجینئر نگ انہار مرزا اسلم بیگ ‘ ایس ایز ظفر احمد سندھو ‘ اعجاز احمد اورخالد اقبال کے علاوہ ایڈیشنل کمشنر شہباز نقوی نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

کمشنر نے محکمہ انہار کو متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ سے مل کر ضلعی فلڈ کانٹی جنسی پلان ‘ ضلعی انسپکشن کمیٹیاں ‘ دریاؤں کے بندوں کے سروے کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے ریسکیو 1122 سمیت دیگر اداروں کو مل کر ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے عملہ کی موک ایکسرسائز کروانے ‘ ضلعی ایمر جنسی بورڈ تشکیل دینے اور کشتیوں سمیت ریلیف آپریشن میں استعمال ہونے والے ضروری سامان کی مرمت کرکے ہمہ وقت تیار رکھنے کی بھی ہدایت کی ۔

انہوں نے ڈویژن او رضلع کی سطح پر فلڈ کنٹرول روم قائم کر کے 24گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایت کی، دریاؤں میں پانی کی آمدواخراج کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اجلاس کو ایس ای انہارمرزا اسلم بیگ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈویژن سے تین دریا چناب ‘جہلم او رسندھ گزررہے ہیں جن میں چناب سرگودہا کی حدود میں 41کلو میٹر او رجہلم 63کلو میٹر دریائے جہلم خوشاب میں 110کلو میٹر اسی طرح دریائے سندھ میانوالی میں 85 کلو میٹراو ربھکر میں92 کلو میٹر حدود سے گزررہا ہے ۔

دریائے چناب پر سرگودہا میں ایک بند بنایاگیا ہے جس کی لمبائی 41کلو میٹر ہے جبکہ دریائے جہلم پر 63کلو میٹر کے پانچ بند بنائے گئے ہیں ۔ میانوالی میں دریائے سندھ پر جناح براج او رچشمہ براج پر 33کلو میٹر کے چھ بند ہیں اسی طرح ضلع بھکر میں دریائے سندھ پر 34کلو میٹر کاایک بند ہے۔ ضلع سرگودہا میں217 دیہاتوں کی دو لاکھ 67ہزار 878‘ خوشاب میں52دیہات ‘میانوالی میں 42دیہاتوں کی 36ہزار 769 آبادی جبکہ ضلع بھکر میں 54 دیہاتوں کی ایک لاکھ 69ہزار 404 افراد ممکنہ سیلاب سے متاثر ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے ۔

ڈویژن بھر میں مجموعی طو رپر 77ریلیف /فلڈ کیمپس تجویز کئے گئے ہیں جن میں سے سرگودہا میں 21‘ خوشاب 8‘میانوالی 32او ربھکر میں 16کیمپس شامل ہیں ۔ اجلاس میں فلڈ ریلیف میں استعمال ہونے والے سامان کی دستیابی او رافرادی قوت کاتفصیلی جائزہ لیاگیا ۔ منگلا کور کے بریگیڈیر منصور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک فوج ہمیشہ کی طرح اپنے انتظامی اداروں اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے او رمشکل کی کسی بھی گھڑی میں عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ اربن فلڈ ہو یاممکنہ سیلاب کا اندیشہ پاک فوج اپنی سابقہ شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ہر قسم کے ریسکیو او رریلیف آپریشن کیلئے تیار ہے۔