بحریہ یونیورسٹی کی انتظامیہ بشمول آفیسرز اور ملک بھر میں قائم کیمپسس کے فیکلٹی ممبران کا اپنی ایک روز کی تنخواہ وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں عطیہ

ہفتہ 2 مئی 2020 17:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2020ء) جہاں ملک کو اس وقت ایک عالمی وباء کا سامنا ہے وہیں کئی افراد اور ادارے بشمول ہماری مسلح افواج عوامی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، اس ضمن میں بحریہ یونیورسٹی بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ بحریہ یونیورسٹی کی انتظامیہ بشمول آفیسرز اور ملک بھر میں قائم کیمپسس کے فیکلٹی ممبران نے اپنی ایک روز کی تنخواہ وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں جمع کروائی تاکہ اس عالمی وباء کے اثرات سے بہتر طور پر نمٹا جا سکے۔

(جاری ہے)

بحریہ یونیورسٹی جو فلاح کے کاموں پر نہ صرف یقین رکھتی ہے بلکہ اس کی بھرپور طریقے سے حوصلہ افزائی بھی کرتی ہے، نے ملک کی خدمت کے لئے یہ اقدام اٹھانے میں دیگر کئی اداروں سے سبقت حاصل کی۔ وزیراعظم کے کورونا ریلیف فنڈ میں اپنا حصہ ڈالنے کے علاوہ بحریہ یونیورسٹی بے کس و بے سہارا خاندانوں کی بھی مدد کر رہی ہے۔ مستحق افراد میں بڑی تعداد میں راشن اور ضروریات زندگی کی دیگر اشیاء تقسیم کی جا رہی ہیں۔ بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے طلباء ریلیف کے کاموں کے دوران حفاظتی اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ موذی مرض سے بچائو کے لئے بحریہ یونیورسٹی سماجی رابطوں کی سائٹس پر آگاہی مہم بھی بھرپور طریقے سے چلا رہی ہے۔