ڈیرہ اسماعیل خان، گومل یونیورسٹی کے 46 ویں یوم تاسیس پر آن لائن تقریب کا انعقاد

ہفتہ 2 مئی 2020 17:35

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2020ء) گومل یونیورسٹی کے 46ویں یوم تاسیس کے حوالے سے آن لائن تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں سابق وائس چانسلرز نے آن لائن شرکت کی۔ اس موقع پر رجسٹرار ، ڈائریکٹر فنانس سمیت تمام شعبہ جات کے ڈین،ڈائریکٹرز اور انتظامی افسران بھی آن لائن موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ آج یکم مئی 1974کو گومل یونیورسٹی کا سنگ بنیاد اس وقت کے وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے رکھا اور اس جامعہ کے لئے تقریبا11ہزار کنال زمین دینے پر نواب اللہ نواز خان کو گومل یونیورسٹی کا پہلا وائس چانسلر نامزد کیا گیا۔

نواب اللہ نواز خان کا اس خطے پر اتنا بڑا احسان ان کی علم دوستی کا ثبوت دیتا ہے اور آج اس جامعہ کو 46سال پورا ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جس پر آج کے دن نواب اللہ نواز کو انکے اس بہترین اقدام پر ہم سب خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ڈاکٹر افتخار احمد نے مزید کہا کہ میری خواہش تھی کہ آج کے دن تمام سابق وائس چانسلرز کو گومل یونیورسٹی مدعو کرکے اور ایک پروقار تقریب کا انعقاد کرایا جاتامگر کورونا وائرس کے باعث ہم ایسا نہ کرسکے مگر جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے آن لائن اس پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میںسابق تمام سابق وائس چانسلرز نے شرکت کرکے گومل یونیورسٹی کو جو عزت بخشی اس پر میں اور تمام گومل یونیورسٹی اساتذہ ، ملازمین اور طلباء ان کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔

تقریب میں سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جی ایم میانہ ،پروفیسر ڈاکٹر اسماعیل خٹک،پروفیسر ڈاکٹر فرید خان ،پروفیسرڈاکٹرعبدالوحید ،پروفیسر ڈاکٹر اجمل خان،پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی، میجر جنرل(ر)پروفیسر ڈاکٹر حامد شفیق ،پروفیسر ڈاکٹر محمدسرور چوہدری ،پروفیسر ڈاکٹر عنایت اللہ بابڑ نے شرکت کی۔ اس موقع پر سابق وائس چانسلرزنے پروفیسر ڈاکٹر افتخار کو گومل یونیورسٹی کے 46ویںیوم تاسیس کے موقع پر مبارک باددیتے ہوئے کہا کہ آج کی اس پروقار تقریب میں ہمیں شامل کرکے آپ نے جو عزت بخشی اس پر ہم آپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ آپ نے تمام سابق وائس چانسلر کو دوبارہ اکٹھا کرکے ایک اچھی بنیاد رکھی۔

تقریب میں گومل یونیورسٹی کی 46ویںیوم تاسیس کے موقع پر علامتی کیک بھی کاٹا گیا۔