سندھ میں کورونا مریضوں کے بروقت ہسپتال نہ جانے سے اموات بڑھنے لگیں

سانس کی تکلیف میں مبتلا مریض آخری وقت میں ہسپتال پہنچ رہے ہیں، دمہ، شوگر یا بلڈ پریشر کے مریضوں کو چاہیےکہ تھوڑی سی تکلیف ہو تو فوری ہسپتال کا رخ کریں۔ وزیرصحت سندھ ڈاکٹرعذرا پیچوہو کا مریضوں کیلئے پیغام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 5 مئی 2020 22:52

سندھ میں کورونا مریضوں کے بروقت ہسپتال نہ جانے سے اموات بڑھنے لگیں
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی 2020ء) سندھ میں اموات بڑھنے کی وجہ مریضوں کا بروقت ہسپتال نہ آنا ہے، وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ سانس کی تکلیف میں مبتلا مریض آخری وقت میں ہسپتال پہنچ رہے ہیں، دمہ، شوگر یا بلڈ پریشر کے مریضوں کو چاہیےکہ تھوڑی سی تکلیف ہو تو فوری ہسپتال کا رخ کریں۔ انہوں نے کورونا مریضوں کیلئے اپنے پیغام میں کہا کہ کورونا مریض بروقت ہسپتال نہیں آرہے۔

بلکہ مریض اس وقت ہسپتال آتے ہیں جب سانس کی صورتحال شدت اختیار کرجاتی ہے۔ مریضوں کو چاہیے فوری ہسپتال کا رخ کریں۔ کیونکہ ہمارے پاس ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد سے زیادہ بستر اور وینٹیلیٹرز موجود ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ ہسپتالوں میں سہولیات کی عدم فراہمی ہے۔ کراچی میں ڈاؤ اوجھا، انڈس، آغا خان، جی پی ایم سی میں کرونا مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے اور ان ہسپتالوں کے علاوہ سول، ٹراما سینٹر اور ایس آئی یو ٹی میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

لیکن یہ دیکھا گیا ہے کہ لوگ بیماری کو چھپا رہے ہیں جس سے ان کی حالت بگڑ جاتی ہے۔ جبکہ کورونا مریضوں کو یہ بتانے سے گریز نہیں کرنا چاہیے۔ اسی طرح ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے حوالے سے بروقت فیصلے کئے، یومیہ کورونا ٹیسٹس کی تعداد کو بڑھایا سندھ حکومت نے جامعہ کراچی میں ملک کی سب سے بڑی ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کی جس کی ٹیسٹنگ استعداد یومیہ 8سو تھی جسے بڑھا کر چوبیس سو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کورونا سے نمٹنے کے لئے عوام کا ساتھ ضروری ہے سماجی فاصلہ، ماسک پہننا اور گھروں میں قیام کرنا ہوگا سندھ حکومت نوے فیصد کورونا ٹیسٹ مفت کررہی ہے سرکاری ہیلپ لائن پر فون کرکے گھر بیٹھ کر ٹیسٹ کرائے جاسکتے ہیں۔