وزیراعظم عمران خان سے ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے ملاقات کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا، ملک کی سلامتی اور سیکیورٹی صورت حال پر بھی گفتگو

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 6 مئی 2020 19:18

وزیراعظم عمران خان سے ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 مئی2020ء) وزیراعظم عمران خان سے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے ملاقات کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا، ملک کی سلامتی اور سیکیورٹی صورت حال پر بھی گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم نے اعلیٰ ریاستی ایجنسی آئی ایس آئی کی خدمات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ ملکی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کیلئے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
وزیراعظم عمران خان کے آفیشل فیس بک پیج کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں اہم قومی سلامتی کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو نشانہ بنانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن کا بہانہ تلاش کرنے کی مسلسل بھارتی کوششوں بارے دنیا کوخبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کنٹرول لائن کے پار سے دراندازی کے تازہ ترین بے بنیاد بھارتی الزامات اس خطرناک ایجنڈے کا تسلسل ہیں۔

(جاری ہے)

بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ بھارت کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد مقامی اورکشمیریوں پر بھارتی جبر و بربریت کا براہ راست نتیجہ ہے۔ آر ایس ایس۔ بی جے پی اتحاد کی فاشسٹ پالیسیوں نے سنگین خطرات پیدا کر دئیے ہیں۔ بین الاقوامی برادری بھارت کی کسی احمقانہ حرکت کے نتیجہ میں جنوبی ایشیاء کی امن و سلامتی کو خطرے سے قبل اپنی بے عملی ترک کرے۔ وزیرِ اعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے نیشنل سکیورٹی ڈویژن ڈاکٹر معید یوسف نے بھی آج ملاقات کی جس میں ملکی سرحدوں کی صورتحال اور کورونا وبا کے بارے میں گفتگو کی گئی۔خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ 15 اپریل کو وزیراعظم اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔