پنجاب یونیورسٹی نے سٹے ہوم، سٹے ایکٹو مہم کے تحت آن لائن فٹنس مقابلوں کا اعلان کر دیا

جمعرات 7 مئی 2020 17:19

لاہور۔7 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2020ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد کی ہدایت پر پنجاب یونیورسٹی شعبہ سپورٹس نے سٹے ہوم، سٹے ایکٹو مہم کا آغاز کر دیا ہے۔اس سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی شعبہ سپورٹس اساتذہ، ملازمین اور طلباء و طالبات، میں آن لائن فٹنس مقابلوں کا انعقاد کرے گا۔ جس میں اساتذہ، ملازمین، طلبائو طالبات کی جسمانی فٹنس کے لئے رسہ کودنے اور پش اپ کی گیمز کے مقابلے ہوں گے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا ہے کہ عوام کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لئے پنجاب یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات مختلف آن لائن سرگرمیاں منعقد کر رہے ہیں۔ ڈائریکٹر سپورٹس طاہرہ سلیم نے کہا کہ دونوں گیمز میں مرد و خواتین کے الگ الگ مقابلے ہوں گے اور مقابلوں میں حصہ لینے والے مرد و خواتین منتخب گیم کی ایک منٹ کی وڈیو واٹس ایپ پر ارسال کریں گے،۔ کھیل اور مقابلے کے قوانین اور وڈیو بنانے سے متعلق ہدایات پنجاب یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر آویزاں کر دی گئیں انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے آن لائن مقابلوں میں ہر کیٹگری میں 60 ہزار روپے کے کیش انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔