سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ذوالفقار احمد گھمن نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ماہرین حشریات سے ڈینگی اور صحرائی مکڑی (ٹڈی دل) کے موثر تدارک کیلئے اب تک کی جانیوالی کاوشوں اور مستقبل کی منصوبہ بندی پر بریفنگ لی

جمعہ 8 مئی 2020 17:13

سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ذوالفقار احمد گھمن نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2020ء) سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ذوالفقار احمد گھمن نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ماہرین حشریات سے ڈینگی اور صحرائی مکڑی (ٹڈی دل) کے موثر تدارک کیلئے اب تک کی جانیوالی کاوشوں اور مستقبل کی منصوبہ بندی پر بریفنگ لی۔ کمشنر فیصل آباد عشرت علی اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی کے ہمراہ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف سے ملاقات کے دوران صوبائی سیکرٹری نے میٹنگ روم میں ڈینگی کے صوبائی آر اینڈ ڈی سربراہ ڈاکٹر وسیم اکرم اور شعبہ حشریات کے سینئر پروفیسرڈاکٹر محمد جلال عارف‘ ڈاکٹر عامر رسول اور ڈاکٹر صغیر احمد سے ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں میں کی جانیوالی کوششوں سے آگاہی لی۔



اس موقع پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں میں اس کے موثر اور دیرپا تدارک کیلئے تمام وسائل مہیا کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ صوبائی محکمہ زراعت وفاقی وزارت فوڈ سیکورٹی و ریسرچ اوراس کے ذیلی اداروں پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ‘ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کے ذمہ داران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ پر زور دیا کہ متاثرہ علاقوں میں ماہرین اور طلبہ کو بھیجنے کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی میں زیرتعلیم طلبہ کو ٹڈی دل سے متعلقہ تحقیقی موضوعات بھی تفویض کریں تاکہ کثیرالجہت موضوعات پر معلومات کے بعد مستقبل کیلئے قابل عمل حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔ وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) جو صوبائی سطح پر ٹڈی دل کے فوکل پرسن بھی ہیں‘ نے بتایا کہ یونیورسٹی میں قومی سطح کا ریسرچ و ڈویلپمنٹ سیل قائم کر دیا گیا ہے جہاں ماہرین اپنے تحقیقاتی اہداف کے مطابق مصروف عمل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی انجینئرز نے پچاس میٹر بلندی تک سپرے کرنیوالی سپرے مشین بھی تیار کرلی ہے جسے آزمائش کیلئے متاثرہ علاقوں میں بھیجا جا چکا ہے اور جلد اسے متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی وفاقی و صوبائی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور اس کے ماہرین حکومتی توقعات پر پورا اترنے کیلئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ماضی قریب میں پاکستان میں حملہ آور ہونیوالی ٹڈی دل نے صحرائی علاقوں میں جو انڈے دیئے تھے ان کے بچے اب میچور ہوگئے ہیں جو عنقریب موسم گرماکی فصلوں کپاس‘ چاول اور مکئی پر حملہ آور ہوسکتے ہیں جبکہ ہمسایہ ممالک سے ٹڈی دل کے مزید حملوں کا بھی خطرہ ہے جس سے نقصانات کا دائرہ مزید بڑھ جائے گا۔ انہوں نے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کو تجویزکیا کہ تمام صوبائی جامعات میں تحقیقی موضوعات کو سینٹرلائزسسٹم میں لایا جائے تاکہ تحقیقی موضوعات کا تکرارنہ ہونے سے طلبہ کا وقت اور سرمایہ ضائع ہونے سے بچایا جائے۔

اس موقع پر کمشنر فیصل آباد ڈویژن عشرت علی نے کہا کہ مستقبل قریب میں اٹھارہ ہزاری میں ٹڈی دل کے حوالے سے ڈویژنل سطح کا پروگرام ترتیب دیا جا رہا ہے جس میں تمام سٹیک ہولڈرز اپنی کارکردگی اور مستقبل کی حکمت عملی کا تبادلہ کریں گے۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں سرولنس کیلئے جانیوالی یونیورسٹی طلبہ کو بھی خصوصی طو رپر شاباش دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ تربیت یافتہ نوجوان متاثرہ علاقوں میں کسانوں کی رہنمائی میں اپنا کردار ادا کریں گے جس سے مقامی کمیونٹی ٹڈی دل کے متاثر تدارک میں کامیاب ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جامعات میں زیرتعلیم طلبہ کو ڈیجٹٹل ریسورس کے استعمال کی تربیت دی جائے تاکہ انہیں گوگل او ر دوسرے آسان ذرائع سے سطحی لٹریچرکے بجائے کوالٹی لٹریچر و تحقیقی مواد میسر آ سکے۔ اس موقع پر ڈینگی پر صوبائی آر اینڈ ڈی سیل کے انچارج ڈاکٹر وسیم اکرم نے ماضی قریب میں صوبائی سطح پر ڈینگی کی صورتحال اور مستقبل میں اس کے خدشات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ شعبہ حشریات کے سینئر پروفیسرڈاکٹر محمد جلا ل عارف‘ ڈاکٹر عامر رسول اور ڈاکٹر محمد صغیر نے ٹڈی دل پر ہونی والی کاوشوں اور متاثرہ علاقوں کی تازہ ترین صورتحال پر روشنی ڈالی۔