تنزانیہ کی سرکاری لیب میں غلط ٹیسٹنگ ، پپیتے، بکرےاوربٹیرمیں کورونا کی تشخیص

صدر موگلفی کو لیبارٹری کے سازو سامان اور تکنیکی ماہرین پر شک تھا، جانچنے کیلئے خفیہ طور پر جانور، پھل اور گاڑیوں کے تیل کے نمونے ٹیسٹ کے لئے بھیج دیئے

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی جمعہ 8 مئی 2020 21:45

تنزانیہ کی سرکاری لیب میں غلط ٹیسٹنگ ، پپیتے، بکرےاوربٹیرمیں کورونا ..
ڈوڈومہ (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 8 مئی 2020ء ) سرکاری لیب میں غلط ٹیسٹنگ ، تنزانیہ میں ایک پپیتے ، بکرے اور بٹیر میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مشرقی افریقا کے ملک تنزانیہ میں سرکاری سطح پر غلط ٹیسٹنگ کا انکشاف ہوا ہے۔ تنزانیہ کے صدر موگلفی کو لیبارٹری کے سازو سامان اور تکنیکی ماہرین پر شک تھا ۔ انہوں نے جانچنے کیلئے خفیہ طور پر جانور پھل اور گاڑیوں کے تیل کے نمونے ٹیسٹ کے لئے لیبارٹری بھیج دیئے۔

جہاں ایک بکرے، پپیتے اور بٹیر میں کورونا وائرس کی تصدیق کر دی گئی۔ صدر موگلفی کی غلط ٹیسٹنگ کرنے پر نیشنل لیبارٹری کورونا ٹیسٹنگ کے انچارج کو فارغ کرتے ہوئے تحقیقات کی ہدایات جاری کر دیں۔ جبکہ تحقیقات کیلئے 10رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو کٹس کی بھی جانچ کرے گی۔

(جاری ہے)

تاہم یہ تفصیل سامنے نہیں آئی ہے کٹس کہاں سے درآمد کی گئی تھیں۔ یہ بات بھی قابل غور رہے کہ تنزانیہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 480سے تجاوز کر گئی ہے اور 16 افراد اس وائرس سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 39 لاکھ تجاوز کرچکی ہے ۔ ہلاکتیں 2 لاکھ 73 ہزار 534 ہو گئیں۔امریکی میڈیارپورٹس کے مطابق کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 23 لاکھ 26 ہزار 937 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 48 ہزار 905 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 13 لاکھ 67 ہزار 337 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔امریکا اب تک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی تاحال دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔اسپین میں کورونا کے اب تک 2 لاکھ 50 ہزار 561 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں جب کہ اس وبا سے اموات 25 ہزار 613 ہو چکی ہیں۔اٹلی میں کورونا وائرس کی وبا سے مجموعی اموات 29 ہزار 315 ہو چکی ہیں۔