اگلے 6 ہفتوں کے دوران متحدہ عرب امارات میں پھنسے تمام پاکستانیوں کی وطن واپسی کا عمل مکمل کر لیے جانے کا امکان، مزید خصوصی پروازوں کا اعلان

پاکستان میں قرنطینہ سہولیات میں اضافہ کیے جانے کے بعد پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا، یقین ہے 6 ہفتوں کے اندر اندر امارات میں پھنسے ہر پاکستانی کو واپس پہنچا دیا جائے گا: پاکستانی سفیر غلام دستگیر

muhammad ali محمد علی جمعہ 8 مئی 2020 22:13

اگلے 6 ہفتوں کے دوران متحدہ عرب امارات میں پھنسے تمام پاکستانیوں کی ..
ابوظہبی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی 2020ء) پاکستانی سفیر غلام دستگیر کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں پھنسے تمام پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا، مزید خصوصی پروازوں کا اعلان کر دیا گیا، پاکستان میں قرنطینہ سہولیات میں اضافہ کیے جانے کے بعد پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا، یقین ہے 6 ہفتوں کے اندر اندر امارات میں پھنسے ہر پاکستانی کو واپس پہنچا دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستان کے سفیر غلام دستگیر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ آئندہ 6 ہفتوں کے دوران امارات میں پھنسے تمام پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچا دیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں وطن واپس لوٹنے والوں کیلئے قرنطینہ سہولیات میں اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد خصوصی پروازوں میں بھی تیزی آئی ہے۔

(جاری ہے)

غلام دستگیر کا بتانا ہے کہ اس وقت پاکستان میں ایک ہفتے کے دوران واپس جانے والے 7 ہزار مسافروں کیلئے قرنطینہ سہولیات کا انتظام ہے، جبکہ اب کوشش کی جا رہے ہے کہ یہ تعداد 15 ہزار تک لے جائی جائے۔ یہ کوشش بھی کی جا رہی ہے کہ کچھ لوگوں کو گھروں میں قرنطینہ ہو جانے کی اجازت دے دی جائے۔ یہ انتظامات ہو جانے کی صورت میں امکان ہے کہ 6 ہفتوں کے دوران امارات میں پھنسے تمام پاکستانی وطن واپس چلے جائیں گے۔

پاکستانی سفیر کا مزید بتانا ہے کہ اب تک امارات میں مقیم 63 ہزار پاکستانیوں نے وطن واپس جانے کیلئے رجسٹریشن کروائی ہے۔ ان میں 11 ہزار پاکستانی وہ ہیں جو کرونا بحران کے بعد بے روزگار ہو کر وطن واپس جا رہے ہیں۔ ان کا مزید بتانا ہے کہ اب تک پی آئی اے 15 خصوصی پروازوں کے ذریعے 5 ہزار پاکستانیوں کو وطن واپس لے جا چکی ہے۔ جمعہ کے روز بھی دبئی سے لاہور کیلئے پی آئی اے کی خصوصی پرواز نے اڑان بھری، جس میں 250 پاکستانیوں کو واپس لے جایا گیا۔