کویت میں 10مئی سے 30مئی تک مکمل لاک ڈاوٗن، سوپر مارکیٹس اور سٹورز لاک ڈاون سے مستثنی ہونگے

کویت کابینہ نے ہنگامی پریس کانفرنس میں ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا کے مرض کے پیش نظر پورے ملک میں 10مئی سے 30مئی تک مکمل لاک ڈاوٗن کا فیصلہ کیا ہے

Umer Jamshaid عمر جمشید اتوار 10 مئی 2020 19:18

کویت میں 10مئی سے 30مئی تک مکمل لاک ڈاوٗن، سوپر مارکیٹس اور سٹورز لاک ..
کویت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2020ء،نمائندہ خصوصی،محمد عرفان شفیق) کویت کابینہ نے ہنگامی پریس کانفرنس میں ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا کے مرض کے پیش نظر پورے ملک میں 10مئی سے 30مئی تک مکمل لاک ڈاوٗن کا فیصلہ کیا ہے۔ پریس کانفرنس میں نائب وزیراعظم و وزیر داخلہ انس خالد صالح، وزیر صحت ڈاکٹر باسل الصباح، وزیر شؤون و اقتصادی امور مریم العقیل اور وزیر تجارت خالد الروضان نے شرکت کی۔

حکومتی ترجمان طارق المرزوم نے پریس کانفرنس کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ نے شہریوں اور تارکین وطن کی حفاظت کے پیش نظر مکمل لاک ڈاوٗن کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید تفصیلات بیا ن کرتے ہوئے کہا کہ صحت عامہ اور سیکورٹی ادارے، بلدیہ، تیل کی تنصیبات اور وہ نجی ادارے جو ان اداروں کو معاونت فراہم کر رہے ہیں، لاک ڈاوٗن سے مستثنی ہونگے۔

(جاری ہے)

تمام شہری اور مقیمین ہفتہ میں ایک مرتبہ کمپیوٹرائزد پاس کی مدد سے اپنے علاقے میں موجود جمعیۃ میں خریداری کی غرض سے جا سکتے ہیں اور موجودہ صورتحال میں یہ محض ایک فرد تک ہی محدود ہو گا۔ بینکنگ کا شعبہ محدود پیمانے پر کام کر سکے گا اور اسکے ساتھ ساتھ ہر قسم کی ہوم ڈلیوری پر مکمل پابندی ہو گی۔ شہری شام 4:30 سے 6:30بجے تک اپنے اپنے علاقوں میں مخصوص ٹریکس پر واکنگ کر سکیں گے لیکن اس امر میں بھی معاشرتی فاصلہ اور ماسک کی پابندی برقرار رہے گی۔

اسکے علاہ ٹیلی ویژن پر لائیو انٹرویو اور اخبارات کی اشاعت پرمکمل پابندی کا اطلاق ہو گا تاہم یہ ادارے آن لائن اپنی سرگرمیاں انجام دے سکیں گے۔ ضرورت کے پیش نظر گھر سے باہر نکلتے وقت شہریوں کو ہمیشہ معاشرتی فاصلے اور ماسک کے استعمال کی پابندی کو اپنانا ہو گا۔ کویت میں اب تک سات ہزار سے زائد مشتبہ کیس ریکارڈ کیے جا چکے ہیں جبکہ کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 49ہے۔