پاک ایران سرحد تجارتی سرگرمیوں کیلئے3 روز کھولی جائے گی

ہفتہ، پیر، بدھ کو صبح8 سے دوپہر2 بجے تک تجارت جاری رہے گی، مارچ سے رکے سامان کے600 ٹرکوں کو پہلے پاکستان میں داخل کیا جائے گا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 11 مئی 2020 21:27

پاک ایران سرحد تجارتی سرگرمیوں کیلئے3 روز کھولی جائے گی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 مئی 2020ء) پاک ایران سرحد تجارتی سرگرمیوں کیلئے3 روز کھولی جائے گی، ہفتہ، پیر، بدھ کو صبح8 سے دوپہر2 بجے تک تجارت جاری رہے گی، مارچ سے رکے سامان کے600 ٹرکوں کو پہلے پاکستان میں داخل کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک ایران سرحد پر بروز ہفتہ، پیر، بدھ کو صبح8 سے دوپہر2 بجے تک تجارت جاری رہے گی۔ مارچ سے رُکے ہوئے ٹرکوں، سامان کو پاکستان میں پہلے داخل ہونے کی ترجیح دی جا رہی ہے۔

600 سے زائد ٹرک بارڈر کی بندش کے باعث سامان پاکستان میں پہنچانے کے منتظر تھے۔ مارچ میں پاک ایران کی مشترکہ سرحدوں کو کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظربند کیا گیا تھا۔ دوسری جانب پاکستان کی جانب سے افغانستان کے ساتھ منسلک چمن بارڈر کو کھولنے کے بعد 3 ہزار کے قریب افغان شہری وطن واپس لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

گزشتہ ماہ پاکستان نے افغان حکومت کی خصوصی درخواست پر پاک افغان باب دوستی کھولا تھا جس کے بعد 37 ہزار افغان خاندان اپنے وطن واپس چلے گئے تھے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق چمن بارڈر صبح 8 سے شام 5 تک کھلا رہا اور اس دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پھنسے افغان شہری، افغانستان میں داخل ہوئے۔گزشتہ روز واپس جانے والے ان افغان شہریوں کی اکثریت سفری دستاویزات کے بغیر پاکستان میں داخل ہوئی تھی۔وہ چمن بارڈر کے ذریعے پاکستان میں اور دونوں ممالک کے درمیان دیگر داخلی پوائنٹس پر صرف افغان قومی شناختی کارڈ کی بنیاد پر داخل ہوئے تھے۔ چمن انتظامیہ کے سینئر عہدیدار ذکااللہ درانی نے بذریعہ فون بتایا کہ بارڈر کو دونوں ممالک کے شہریوں کی واپسی کے لیے کھولا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک چمن بارڈر کے ذریعے افغانستان میں پھنسے 488پاکستانی بھی واپس آچکے ہیں۔