زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اکیڈیمک کونسل نے دو مختلف شعبہ جات میں ریسرچ و ڈویلپمنٹ سیل قائم کرنے ،تینوں سب کیمپسزمیں انڈرگریجوایٹ سطح پر نئے ڈگری پروگرام شروع کرنے کی منظوری دیدی

منگل 12 مئی 2020 20:23

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2020ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اکیڈیمک کونسل نے دو مختلف شعبہ جات میں ریسرچ و ڈویلپمنٹ سیل قائم کرنے کے ساتھ ساتھ تینوں سب کیمپسزمیں انڈرگریجوایٹ سطح پر نئے ڈگری پروگرام شروع کرنے کی منظوری دی ۔ یونیورسٹی کے اقبال آڈیٹوریم میں وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) کی زیرصدارت اکیڈیمک کونسل کے 291ویں آن لائن اجلاس کے دوران شعبہ ایگرانومی میں آرگینک ایگریکلچرسیل جبکہ شعبہ انٹومالوجی میں ٹڈی دل ریسرچ و ڈویلپمنٹ سیل کے قیام کی منظوری دی گئی۔

اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ ہرچند کرونا وائرس سے تمام براعظموں کی 7ارب سے زائد آبادی کو اپنے خوف میں مبتلا کر رکھا ہے تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ ایشیاء اور افریقہ میں اپنی ہیبت ناکیوں کی وجہ سے ٹڈی دل بھی دنیا کی آدھی آبادی کیلئے بڑا چیلنج بن کر سامنے آئی ہے جسے مربوط کوششوں اور جنگی حکمت عملی سے اگر بروقت نہ روکا گیا تو غذائی قلت کے ایک بڑے طوفا ن کا سامنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ان کا کہناتھا کہ پنجاب کے صحرائی علاقوں کے ساتھ ساتھ سندھ میں بھی ٹڈی دل کا طوفان آیا ہوا ہے اور اگر خدانخواستہ اس نے میدانی علاقوں کی فصلوں کا رخ کر لیاتو معیشت کو 500ارب روپے سے زائد کے نقصان سمیت ملک کے غذائی تحفظ کو بھی سوالیہ نشان کا سامنا ہوگا۔ اجلاس میں سب کیمپس بوریوالاکیلئے انڈرگریجوایٹ سطح کے نئے پروگرامز‘ سب کیمپس دیپالپور اوکاڑہ میں بی ایس کمپیوٹر سائنس اور بی ایس میتھ کے چار سالہ پروگرام کے ساتھ ساتھ ٹوبہ سب کیمپس میں بی ایس سی اینیمل سائنسز کے اجراء کی بھی منظوری دی گئی اور تمام سب کیمپسز کے پرنسپل صاحبان کو انڈرو پوسٹ گریجوایٹ سطح کے مزید پروگرام لانے کی ہدایت کی گئی۔

ڈاکٹر محمد اشرف نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ آن لائن لیکچرز کے دوران طلبہ تک ان کے پریکٹیکلزکی جملہ معلومات پہنچانے کے ساتھ ساتھ اپنے لیکچرز یو ٹیوب پر اًپ لوڈ بھی کریں تاکہ حالات میں بہتری کے ساتھ ہی تھیوری اور پریکٹیکل کے امتحان خوش اسلوبی سے مکمل کئے جا سکیں۔انہوں نے تمام ڈینز اور چیئرمینوں کو ہدایت کی کہ زیرنگرانی اُمور میں خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کریں اور اہداف کی نشاندہی کرکے گروپس کی صورت میں تھمیٹک ریسرچ کو فروغ دیں جس سے تحقیقی موضوعات کے عدم تکرار سے وقت و سرمایہ کا ضیائع بھی نہیں ہوگا۔

انہوں نے واٹر مینجمنٹ ریسرچ سنٹر کا جواں سال ریسرچ سکالر احمد وقاص کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس نوجوان نے ویک اینڈ چھٹیوں کے دوران اونچے درختوں پر موجود ٹڈی دل کے موثر خاتمے کی ایسی سپرے مشین ڈیزائن کی جوفیلڈ میں بہترین رزلٹ دے رہی ہے۔ انہوں نے ڈائریکٹر ریسرچ کو ہدایت کی کہ اکیڈمک کونسل کے آئندہ اجلاس کیلئے نینو فرٹیلائزرسیل کے قیام کی تجویز لائیں تاکہ اس اہم شعبہ میں خاطر خواہ پیش رفت کی بنیاد رکھی جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی نیو کیمپس ‘ہاسٹلوں اور اقبال آڈیٹوریم کی مرمت کے حوالے سے ہائر ایجوکیشن کمیشن میں 800ملین روپے کا پی سی ون جمع کروادیا گیا ہے اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ لاک ڈائون کے خاتمہ ہوتے ہی اس کی منظوری حاصل کر لی جا ئیگی جس سے مرمت طلب کاموں کو انجام تک پہنچانے میں آسانی ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ چند دنوں سے فرداً فردا ً تمام شعبہ جات کے ماہرین سے میٹنگ کر رہے ہیںتاکہ ان کی جاری سرگرمیوں سے جانکار ی کے ساتھ ساتھ مستقبل کی ضروریات و ترجیحات کا ان سے تبادلہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کنونیئر ایڈمیشن کمیٹی کو ہدایت کی کہ ورچوئل یونیورسٹی کے اشتراک سے انڈرگریجوایٹ ڈگر ی پروگرامز میں داخلوں کیلئے آن لائن انٹری ٹیسٹ کے انتظامات اور شیڈول کو حتمی شکل دیجائے تاکہ بلاتاخیرانٹری ٹیسٹ کے ذریعے نئے داخلوں کا سلسلہ شروع کیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی موٹر پول میں گاڑیوں کی مرمت اور ڈیٹنگ پینٹنگ کا کام مقامی طو رپر کیا جا رہا ہے جس سے سرکاری خزانے کے لاکھوں روپے کی بچت ممکن ہورہی ہے۔

اکیڈمک کونسل نے شعبہ ایگرانومی میں آرگینک ایگریکلچراور ڈیجیٹل ایگریکلچر کے نئے میجرزشروع کرنے کی بھی منظوری دی۔ رجسٹرار عمر سعید قادری نے کہا کہ یونیورسٹی میں آئی سی ٹی پراجیکٹ کے تحت انٹرپرائزریسورس پلاننگ (ای آر پی)‘ SAPاور کیمپس مینجمنٹ سسٹم میں کیمپس آن کلائوڈ کا نفاذ کیا جا رہا ہے لہٰذا تمام تدریسی و انتظامی سٹاف ممبران اس اہم اور میگا پراجیکٹ کیلئے مکمل تعاون کریں۔ اجلاس میں گزشتہ دنوں انتقال کرنیوالے شعبہ میتھ و سٹیٹ کے سابق چیئرمین شیخ محمد اشفاق ‘لائیوسٹاک کے ریٹائرڈ پروفیسرڈاکٹررضا علی گل کے ساتھ ساتھ ڈپٹی ٹریژررانا خالد کی والدہ ماجدہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے بھی فاتحہ خوانی کی گئی۔