شاہ عبداللطیف یونیورسٹی اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے درمیان اسمارٹ کلاس روم پروجیکٹ کیلئے معاہدے پر دستخط

بدھ 13 مئی 2020 23:09

سکھر۔13مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2020ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپوراور ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے درمیان اسمارٹ کلاس روم پروجیکٹ کیلئے یادداشت کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں یونیورسٹی کے انفارمیشن ٹیکنالاجی منیجر سید منیر شاہ راشدی نے کہا کہ شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپوراور ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے درمیان اسمارٹ کلاس روم پروجیکٹ کیلئے یادداشت کے معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں جس کا مقصد شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور مین کیمپس اور گھوٹکی کیمپس کے دیہی علاقوں کے طلبہ و اطالبات کو آن لائن تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

اس پروجیکٹ کے تحت لائیو ویڈیو ریکارڈنگ اور لیکچر ریکارڈ کی سہولت میسر ہوگی۔ علاوہ ازیں یہ پروجیکٹ دیگریونیورسٹیوں کے ساتھ براہ راست تعلیمی تبادلے کی سہولت یقینی بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن چین کے تعاون سے اس پروجیکٹ کے تحت 49 یونیورسٹیوں کو آن لائن تعلیم کی سہولت فراہم کررہا ہے۔ سید منیر شاہ نے کہا کہ شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں اس پروجیکٹ کا اجرا وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کی سرپرستی میں ہوا ہے تاکہ طلبہ و طالبات کو جدید خطوط پر استوار تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :