خاتون رکن سندھ اسمبلی منگلا شرما بھی کرونا وائرس سے متاثر ہوگئیں

رکنِ اسمبلی کے شوہر کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا، دونوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 13 مئی 2020 21:55

خاتون رکن سندھ اسمبلی منگلا شرما بھی کرونا وائرس سے متاثر ہوگئیں
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 مئی2020ء) خاتون رکن سندھ اسمبلی منگلا شرما بھی کرونا وائرس سے متاثر ہوگئیں، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی خاتون رکن سندھ اسمبلی منگلا شرما بھی کرونا وائرس سے متاثر ہوگئیں، ان کے شوہر کا ٹیسٹ بھی پازیٹو آیا ہے دونوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کی رکن سندھ اسمبلی منگلاشرما کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، اس حوالے سے منگلاشرما نے میڈیا کو بتایا کہ میرے شوہرنےحال ہی میں بلوچستان کا سفرکیا تھا میرے شوہر اور میں نے علامات محسوس ہونے پر اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا، جس میں دونوں کا رزلٹ پازیٹو آیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم دونوں اپنے گھر میں آئیسولیٹ ہیں۔ خیال رہے کہ منگلا شرما ایم کیوایم کی اقلیتی مخصوص نسشت پر ایم پی اے منتخب ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سینیٹ کے دو ارکان سینیٹر مولانا عطا الرحمان، سینیٹر فدا محمد میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے، ذرائع کے مطابق سینیٹ سیکریٹریٹ نے دونوں سینیٹرز کو اجلاس میں شرکت سے روک دیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اچھی خبر یہ ہے کہ 24 گھنٹوں میں صوبے بھر سے 606 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے ہیں۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق اپنے بیان میں کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4223 ٹیسٹ کیے گئے ہیں، جس میں سے 731 کورونا کے مریض سامنے آئے ہیں۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ بھر میں اب تک 103340 ٹیسٹ کیے ہیں جس میں سے 13341 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 16 مریض کورونا کے باعث انتقال کرگئے، اب تک کورونا کے باعث 234 اموات ہو چکی ہیں۔وزیراعلی سندھ کے مطابق اس وقت 10 ہزار 2 سو 72 مریض زیرعلاج ہیں۔ زیر علاج مریضوں میں 8840 مریض گھروں میں، 919 آئسولیشن مراکز اور 513 اسپتالوں میں ہیں۔