پنجاب یونیورسٹی کے آن لائن کلاسز 31 مئی تک جاری رہیں گی، سمسٹر امتحان 26 اگست سے ہوں گے

جمعرات 14 مئی 2020 20:24

لاہور۔14 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2020ء) پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے آن لائن کلاسز، امتحانات اور گرمیوں کی چھٹیوں سے متعلق اکیڈیمک کونسل کی سفارشات سینڈیکیٹ سے بذریعہ سرکولیشن منظور ہونے کے بعد مختلف فیصلوں پر مبنی نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق آن لائن کلاسز 31 مئی تک جاری رہیں گی جبکہ یکم جون سے 9 اگست تک پنجاب یونیورسٹی میں گرمیوں کی تعطیلات ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ کرونا کے باعث کلاسز نہ لے سکنے والے طلباء کے لئے 10 سے 24 اگست تک خصوصی روایتی کلاسز کا انعقاد ہو گا تاہم ان روایتی خصوصی کلاسز کا انعقاد حالات بہتر ہونے پر حکومت کی جانب سے یونیورسٹیاں کھولنے کے فیصلے سے مشروط ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سمسٹر کے حتمی امتحانات 26 اگست سے 6 ستمبر کے دوران لئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے سمسٹر کے طلباء کو دونوں روایتی اور ایم سی کیوز بیسڈ آن لائن امتحان کی تیاری کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر یونیورسٹی 23 اگست تک کھل گئی تو روایتی انداز میں سمسٹر امتحان لیا جائے گا اور اگر 23 اگست تک یونیورسٹی نہ کھل سکی تو سمسٹر کا آن لائن امتحان لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو طلباء کسی وجہ سے آن لائن امتحان میں شریک نہ ہو پائیں گے تو وہ حکومتی پالیسی کے مطابق یونیورسٹی کھلنے پر روایتی انداز میں امتحان دے سکیں گے۔ lh/sak/msc1951