کوہاٹ تعلیمی بورڈ کی طرف سے 91,718 روپے کی امدادی رقم کا چیک وزیراعظم کرونا ریلیف فنڈ کی مد میںجمع

جمعرات 14 مئی 2020 21:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2020ء) چیک صوبائی وزیربرائے ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب خان کو چیئرمین کوہاٹ تعلیمی بورڈ شوکت حیات کی طرف سے پیش کیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ندیم اسلم چوہدری، چیف پلاننگ آفیسر محمد حشمت اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیر تعلیم نے کوہاٹ تعلیمی بورڈ کے تمام ملازمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام ملازمین کا مشکور ہوں جنہوں نے اس مشکل وقت میں اپنی تنخواہوں سے ایک دن کی رقم کاٹ کر وزیراعظم کرونا ریلیف فنڈ کی مد میں جمع کیا۔

(جاری ہے)

اکبر ایوب خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایک عوامی لیڈر ہے اور غریب عوام کے مفادات ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر کورونا کو ہرانا ہے اور یہ تب ہی ممکن ہوگا جب حکومت کے بتائے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوں گے۔ اکبر ایوب خان نے کہا کہ محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا اس مشکل وقت میں صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے ساتھ شانہ بشانہ کام کر رہی ہے اور بچوں کی مستقبل کی خاطر، خاطر خواہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ تاکہ بچوں کو اس وبا سے بچانے کے ساتھ ساتھ ان کے تعلیمی مستقبل کو بھی روشن رکھا جا سکے۔