پاک ایران سرحد کھول دی گئی

پاکستان نے ایران کے ساتھ پاسپورٹ گیٹ اور دوستانہ گیٹ زیرو پوائنٹ کو کھول دیا، دونوں اطراف کاروباری سرگرمیاں بحال

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 14 مئی 2020 23:19

پاک ایران سرحد کھول دی گئی
تفتان (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14مئی 2020ء ) پاک ایران سرحد کھول دی گئی ہے۔ پاکستان نے ایران کے ساتھ پاسپورٹ گیٹ اور دوستانہ گیٹ زیرو پوائنٹ کو کھول دیا ہے جس کے بعد سرحد کے دونوں اطراف کاروباری سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ایران کے ساتھ پاسپورٹ گیٹ، اور دوستانہ گیٹ زیرو پوائنٹ کو کھول دیا ،دونوں اطراف دوستانہ کاروباری سرگرمیاں بحال ہو گئیں۔

ایران میں کورونا وائرس کے پیش نظر اور ایران سے آنے والے زائرین کے سلسلے میں 22 فروری کو پاکستان نے ٹرانزٹ ٹریڈ، پاکستان گیٹ، دوستانہ گیٹ زیرو پوائنٹ ،راہداری گیٹ کو مکمل طور پر بند کررکھا تھا ،گزشتہ ایک ہفتہ قبل ٹرانزٹ گیٹ کو کھول دیا گیا تھا ۔ بدھ کوپاکستان نے پاسپورٹ گیٹ، اور دوستانہ گیٹ زیرو پوائنٹ کو کھول دیا ،دونوں اطراف دوستانہ کاروباری سرگرمیاں بحال ہوگئیں تاہم ابھی تک راہداری گیٹ بند کر رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

تحصیلدار تفتان ظہور بلوچ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کورونا وائرس کے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے معمول کے مطابق سرحدی گیٹ کھلے رہیں گے ۔یاد رہے زیر پوائنٹ گیٹ سے تفتان بارڑ کے مقامی لوگوں کا روزگار وابسطہ ہے اور بدھ سے باقاعدہ ایران کی طرف سے خوردونوش اشیاء کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا زیروپوائنٹ کھلنے پر مقامی لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے ملک بھر میں ٹرانسپورٹ سروس کھولنے پر غور شروع کر دیا، تمام صوبوں سے پبلک ٹرانسپورٹ بارے سفارشات مانگ لی گئیں، صوبے جمعہ کے روز این سی او سی کی میٹنگ میں اپنی سفارشات پیش کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے صوبوں سے پبلک ٹرانسپورٹ بارے سفارشات مانگ لی ہیں۔ پنجاب نے سخت ایس او پیز ٹرانسپورٹ کھولنے کی سفارشات مرتب کر لیں جو این سی او سی کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔

مختلف شعبوں کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دی جا چکی ہے جس کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کو کھولنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں وفاقی حکومت نے تمام صوبوں سے پبلک ٹرانسپورٹ بارے سفارشات مانگ لی ہیں۔ صوبے جمعہ کے روز این سی او سی کی میٹنگ میں اپنی سفارشات پیش کریں گے۔ پنجاب نے سخت ایس او پیز کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کی سفارشات مرتب کر لی ہیں۔ پنجاب باضابطہ این سی او سی کے اجلاس میں اپنی سفارشات پیش کرے گا.