ہزارہ یونیورسٹی اور میسرز نیسپاک کے درمیان یونیورسٹی کے میگا تعمیراتی منصوبہ کی کنسلٹنسی کے حوالہ سے معاہدہ

جمعہ 15 مئی 2020 17:38

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2020ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ اور میسرز نیسپاک کے درمیان یونیورسٹی کے میگا تعمیراتی منصوبہ کی کنسلٹنسی کے حوالہ سے معاہدہ طے پایا گیا۔ معاہدہ پر وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد اور نیسپاک کے جنرل منیجر عزیز اسلم نے دستخط کئے۔

(جاری ہے)

معاہدہ کے مطابق نیسپاک جو پاکستان کے مختلف تعمیراتی منصوبوں کو کنسلٹنسی کی خدمات فراہم کرتی ہے، کے ساتھ یونیورسٹی کے میگا تعمیراتی منصوبہ کیلئے معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت نیسپاک ہزارہ یونیورسٹی کو مذکورہ تعمیراتی منصوبہ کی ڈیزائننگ اور تعمیراتی کام میں نگرانی کرے گی۔

ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد نے اس منصوبہ کیلئے ایک ارب 72 کروڑ روپے مختص کئے ہیں، تین سالہ تعمیراتی منصوبہ کے تحت یونیورسٹی میں فیکلٹی ممبران، افسران اور ملازمین کیلئے 92 رہائش گاہیں، طلباء اور سکالرز کیلئے 6 ہاسٹلز کی تعمیر اور تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں قائم لیبارٹریوں کیلئے جدید ترین سائنسی آلات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں مزید وسعت اور بہتری لائی جائے گی جبکہ ٹرانسپورٹ پول میں اضافہ کیلئے بسیں بھی فراہم کی جائیں گی۔