پنجاب یونیورسٹی نے گریجوایشن اور ماسٹرز کے سالانہ امتحانات کا شیڈول جاری کر دیا

جمعہ 15 مئی 2020 19:55

لاہور۔15 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2020ء) پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے گریجوایشن اور ماسٹرز کی سطح پرسالانہ امتحانات کا شیڈول جاری کر دیاہے ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق بی اے، بی ایس سی پارٹ ٹو کے امتحانات 22 جولائی سے شروع ہوں گے جبکہ ایم اے، ایم ایس سی، بی کام پارٹ ٹو کے امتحانات 7 ستمبر سے شروع ہوں گے،انہوں نے کہا کہ پارٹ ٹو کا امتحان دینے والے امیدوار دونوں روایتی اور ایم سی کیو بیسڈ آن لائن امتحان دینے کی تیاری کریں۔

انہوں نے کہا کہ 15 جولائی کے بعد حکومت کی جانب سے یونیورسٹیوں کو کھولنے کا فیصلہ ہوا تو مندرجہ بالا پارٹ ٹو کے امتحانات روایتی انداز میں لئے جائیں گے۔ تاہم اگر حکومت کی جانب سے 15 جولائی کے بعد یونیورسٹی بند رہی تو مندرجہ بالا پارٹ ٹو کے امتحان آن لائن ایم سی کیو بیسڈ لئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی وجہ سے آن لائن امتحانات نہ دینے والوں کو یونیورسٹی کھلنے پر روایتی امتحان دینے کا موقع فراہم کریں گے تاہم روایتی امتحان لینے کافیصلہ حکومتی اجازت سے مشروط ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بی اے بی ایس سی، ایسوسی ایٹ ڈگری ان آرٹس/سائنس پارٹ ون کے سالانہ امتحانات یکم اکتوبر سے ہوں گے جبکہ ایم اے، ایم ایس سی، بی کام، ایسوسی ایٹ ڈگری ان کامرس پارٹ ون کے امتحانات 2 نومبر سے شروع ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹ ون کے امتحانات روایتی انداز میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم یہ کرونا کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال بہتر ہونے اور حکومتی اجازت سے مشروط ہے۔