پاک ترک سکولز اینڈ کالجز میں آن لائن تعلیم کا سلسلہ جون کے پہلے ہفتے سے شروع کیا جائے گا

ہفتہ 16 مئی 2020 23:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2020ء) پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکولز اینڈ کالجز کی طرف سے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے تعلیمی اداروں کی بندش کے باعث آن لائن تعلیم کا سلسلہ جون کے پہلے ہفتے سے شروع کیا جائے گا۔ ادارے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکولز اینڈ کالجز نے مختصر عرصے میں ہی اپریل اور مئی میں لاک ڈائون کے دوران ضروری انتظامات مکمل کر لئے اور روایتی کلاس رومز کی نسبت زیادہ بہتر انداز میں تعلیمی ماحول کی فراہمی کا نظام متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے لائیو اسباق اور تعلیم کی فراہمی کے فریم ورک کو یقینی بنایا گیا ہے۔

ادارے کی طرف سے متعارف کرایا جانے والا بلیک بورڈ اوپن ایل ایم ایس/ٹی ایم ایس رومز جو کہ پاکستان میں منفرد نوعیت کے حامل ہیں اور پاک ترک معارف کی طرف سے متعارف کرائی جانے والی فاصلاتی تعلیم کا پہلا مرحلہ کی سہولت کو طلباء نے بآسانی قبول کیا ہے اور اس تعلیمی نظام میں ان کی شرکت اور ردعمل سے اس کے منفرد طریقہ کار کی کامیابی کا یہ ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

طلباء کے لئے فاصلاتی تعلیم کا یہ منتخب میڈیم کئی لحاظ سے انتہائی مفید ہے۔ اول یہ کہ یہ طلباء کو کسی سخت شیڈول کا پابند نہیں بناتا، یہی وجہ ہے کہ تعلیم کے حصول کا ایک مرکزی طریقہ ہے اور طلباء اپنے لحاظ سے آسانی کے ساتھ اپنی تعلیم کے حصول کی ذمہ داری خود لے رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس آن لائن تعلیم کے ذریعے بنیادی مضامین کے ابتدائی مقاصد پورے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور طلباء بعض بنیادی ضروری مہارتوں اور تصورات کو اپنا سکتے ہیں۔

اس کا بنیادی مقصد نئے انداز میں تعلیم کے حصول کے رویئے کو فروغ دینا ہے۔ آزادانہ طریقہ سے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے اور اسے بہتر بنانے کے لئے طلباء آن لائن لرننگ سیشن کے اختتام پر ضروری جائزہ لیتے ہیں، اس کا جائزے کا مقصد طلباء کی ٹیسٹ لینا نہیں بلکہ درست ردعمل، لگن اور درکار بہتری کے لئے طلباء کا منظم انداز میں عملی طریقہ کار کے ذریعے اسیسمنٹ کرنا ہے۔ ملک بھر سے تقریباً ایک ہزار اساتذہ کی کاوشوں سے پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکولز اینڈ کالجز کا انقلابی تعلیمی نظام پورے ملک میں تقریباً گیارہ ہزار طلباء کو مستفید کرے گا۔ اس کے لئے مجموعی طور پر 548 ویڈیو اسباق اور تقریباً 109 گھنٹوں کی ریکارڈنگ کی جا چکی ہے۔