وزیراعظم آزادوکشمیر کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ،

وکلا اور مزدور پیشہ افراد کیلئے الگ الگ امدادی پیکجز کی منظور ی وزیر اعظم کی عید سے قبل وکلاء اور مزدور پیشہ افراد کو پیکج کی فراہمی کی سختی سے ہدایت، پرائیویٹ گاڑیوں کو بطور ٹیکسی چلانے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کی ہدایت

پیر 18 مئی 2020 19:45

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2020ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس پیرکے روز منعقد ہوا ۔ اجلاس میں وزراء حکومت ڈاکٹر نجیب نقی، ڈاکٹر مصطفی بشیر، احمد رضاقادری، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی ، SMBRفیاض علی عباسی ودیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں وکلا اور مزدور پیشہ افراد کیلئے الگ الگ امدادی پیکجز کی منظور ی دی گئی ۔

وکلاء کو بذریعہ بار کونسل پیکجز دیے جائیں گے ۔ پیکجز کی تقسیم آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے سختی سے عید سے قبل وکلاء اور مزدور پیشہ افراد کو پیکج کی فراہمی کی ہدایت کی ہے ۔ وزیر اعظم نے پرائیویٹ گاڑیوں کو بطور ٹیکسی چلانے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ انٹری پوائنٹس پر ایسے عناصر کی خفیہ مانیٹرنگ کی جائے، انہوںنے ہدایت کی کہ رشوت لینے والوں کے خلاف بھی سخت ترین کارروائی کی جائے ۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سینر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی نے بتایا کہ آزادکشمیر پاکستان کا وہ واحد خطہ ہے کہ جہاں مستحقین تک کسی نہ کسی طرح امداد پہنچی ہے اور اب تک 02لاکھ25ہزار مستحق خاندانون کو کسی نہ کسی طرح امداد پہنچی ہے اور احساس پروگرام ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور دیگر ذرائع سے ان کو ادائیگیاں ہوئی ہیں جبکہ 37ہزار لوگوں کو ذکوٰة کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے ۔

اسی طرح انڈسٹری اور اور مزدور پیشہ افراد کیلئے بھی قواعد طے کیے گئے ہیں ۔ دریں اثناء ڈویژنل کمشنرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر ہدایت کی کہ لاک ڈائون پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ انتظامیہ بااختیار ہے ۔ عید کے موقع پر طے شدہ ایس اوپی پر عملدرآمد کیا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ مقامی سطح پر کرونا کے کیسز میں اضافہ ہونا باعث تشویش ہے ۔ ہم نے اجتماعی مفاد میں فیصلے کرنے کیلئے اور اس کیلئے چھوٹی چھوٹی مشکلیں برداشت کرنی پڑیں گی ۔