بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی غرض سے آن لائن تدریسی نظام کو فعال بنا رہی ہے ، آئندہ سیمسٹر میں آن لائن کورسز متعارف کرائے جائیں گے

پیر 18 مئی 2020 19:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2020ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی عالمی وباء کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی غرض سے آن لائن تدریسی نظام کو فعال بنا رہی ہے جس کے تحت آئندہ سیمسٹر میں آن لائن کورسز متعارف کرائے جائیں گے جبکہ اس نظام سے بائیس ہزار طلبا و طالبات استفادہ کریں گے ۔

اس ضمن میں جامع پالیسی کی تیاری کے لیے خصوصی اجلاس پیر کے روز جامعہ کے نیو کیمپس میں ہوا۔ اجلاس میں ریکٹر اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر معصوم یاسین زئی، صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش( بذریعہ ویڈیو لنک) سمیت قائم مقام صدر ڈاکٹر اقدس نوید ملک، نائب صدور، ڈینز، ڈائریکٹرز جنرل، شعبہ جات کے سربراہان اور دیگر اہم عہدیداروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

دوران اجلاس اس امر کو یقینی بنانے کا عزم کیا گیا کہ آن لائن منیجمنٹ سسٹم کو ہر حال میں فعال رکھا جائے گا اور عالمی وباء کے پیش نظر جامعہ کی مزید بندش کے نتیجے میں یکم جون سے آن لائن کلاسز کا اجرا کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ امتحانا ت ''اوپن بک '' بنیادوں پر لیے جائیں گے جبکہ کوشش کی جائے گی کہ زیادہ سے زیادہ سے طلبا کے ساتھ رابطہ رکھا جائے۔

اجلاس میں آئندہ سمسٹر کے لیے اشتہاری مہم 28 جون سے شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے اس بات پر زور دیا کہ جملہ کلیات میں آن لائن منیجمنٹ سسٹم کے حوالے سے ٹریننگ کو یقینی بنایا جائے اور اس نظام کے ذریعے زیادہ سے زیادہ اثمار حاصل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انتظامیہ اور اساتذہ کسی بھی قسم کے حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں اور ہرحال میں بلا تعطل تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے پر توجہ دیں۔

انہوں نے حالیہ وباء میں آن لائن کلاسز اور طلبا کی رہنمائی کے لیے اساتذہ اور انتظامیہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ اجلاس میں ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے کاوشوں پر جملہ عہدیداروں کو سراہا۔ اس موقع پر آن لائن کلاسز اور اساتذہ کی تربیت کے لیے بنائی گئی خصوصی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر نبی بخش جمانی نے شرکا اجلاس کو بریفنگ دی۔

اس موقع پر ڈاکٹر اقدس نوید ملک سمیت نائب صدر تدریسی امور پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر خلیلی، نائب صدر انتظامی امور ڈاکٹر محمد منیر اور نائب صدر خواتین کیمپس ڈاکٹر فرخندہ ضیاء نے اپنے اپنے شعبہ جات کے حوالے سے آگاہ کیا اور مستقبل کی حکمت عملی پر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے اس موقع پر تجاویز بھی پیش کیں انہوں نے اس عزم کو دوہرایا کہ تعلیمی عمل کو جاری رکھنے اور آن لائن تعلیم کو بہتر سے بہتر بنانے کیلیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :