ای لرننگ کی کامیابی ڈیجیٹل لٹریسی کے بغیر ممکن نہیں، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی تربیت اساتذہ اور طلباء دونوں کیلئے ضروری ہے، وائس چانسلر اوکاڑہ یونیورسٹی پروفیسر زکریا ذاکر

منگل 19 مئی 2020 23:41

لاہور۔19 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2020ء) کورونا وائر س کی عالمی وبا کے نتیجے میں جنم لینے والی نظام تعلیم کی تبدیلی نے یہ بات انتہائی ناگزیر بنا دی ہے کہ اساتذہ اور طلباء جدید ٹیکنالوجی کی تربیت حاصل کریں، کیونکہ اس کے بغیر ایک ایسی دنیا میں کامیاب ہونا ممکن نہیں جہاں ہر چیز آن لائن سسٹم سے جڑ چکی ہے، ان خیالات کا اظہار اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے اپنے اسٹاف کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس میں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وبا نے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر دونوں طرح کے معاشروں میں تعلیمی منتظمین، اساتذہ اور طلباء کو روایتی طرز تعلیم کی کمزوریوں سے پوری طرح آگاہ کر دیا ہے۔ اب وہ وقت آ گیا ہے کہ اس نظام کو بدلا جائے۔

(جاری ہے)

جب کہ دنیا بھر میں زندگی کی ہر ضرورت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پہ منحصر ہو چکی ہے، ہم کلاس روم ٹیچنگ والے پرانے اطوار سے جڑے رہنے کے لیے متحمل نہیں ہو سکتے۔

پروفیسر زکریا نے بتایا کہ ای لرننگ کی کامیابی ڈیجیٹل لٹریسی کو عام کیے بغیر ممکن نہیں۔ ابھی بھی دنیا میں ایک ایسا طبقہ موجود ہے جن کو یا تو جدید ٹیکنالوجی تک رسائل حاصل نہیں یا وہ اس کے استعمال سے مکمل طور پر ناواقف ہیں۔ دنیا کے پالیسی سازکئی سالوں سے اس مسئلے پہ بحث کرتے آ رہے تھے لیکن کرونا کی وبا نے اس کو پوری طرح آشکار کر دیا ہے۔ اب وقت ہے کہ اس مسئلے کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔